Friday, November 27, 2026
 

شوگر سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے مثبت نتائج نکلیں گے، چیئرمین پی ایس ایم اے

 



پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم غنی عثمان نے شوگر سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے مثبت نتائج نکلیں گے۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے عاصم غنی نے صدر، وزیراعظم، نائب وزیراعظم ، وزیراعلٰی پنجاب، وزیراعلٰی سندھ ، وفاقی وزیر برائے خزانہ،  وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی،  وزیر اعظم کے ایڈوائزر برائے انڈسٹریز اور وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سجاد انور اورمحمد رفیق ، سینئر نائب چیئرمین شوگر ملز ایسوسی ایشن  کی گئی کوششوں کو سراہا اور  اسلم فاروق، زونل وائس چیئرمین  ساؤتھ زون  کی صوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوششوں کی تعریف کی اور اس سلسلے میں دیگر سینئر ممبران کی وقتاََ فوقتاََ کی گئی کوششوں کو بھی سراہا جنہوں نے حکومت کے سامنےشوگر انڈسٹری کا موقف بڑی تفصیل سے پیش کیا۔ چیئرمین شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کہا کہ شوگر انڈسٹری کیلئے بہت مثبت قدم اُٹھایا گیا ہے جس سے یہ انڈسٹری اب باقاعدہ ایکسپورٹ انڈسٹری بن کر اُبھرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ای سی سی نے  4 لاکھ، 16 ہزار ٹن چینی برآمدکرنے  کی منظوری دی ہے ۔ حکومت سے درخواست ہے کہ وہ کابینہ کی بھی فی الفور منظوری دے اور سرپلس چینی برآمد کیلئے زمینی راستے بھی بحال کیے جائیں تا کہ چینی کی جلد از جلد  برآمد ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی برآمد سے ملوں کا کیش فلو بہتر ہو گا جس کی وجہ سے نہ صرف کسانوں کو اُن کی فصل کی جلد از جلد ادائیگی ممکن  ہو سکے گی بلکہ حکومت کو کثیر زرِمبادلہ بھی حاصل ہو سکے گا۔ انہوں نے بتایاکہ شوگر انڈسٹری اب تک کسانوں کو اُن کی پیداوار کی تقریباََ 99 فیصد ادائیگیاں کر چکی ہے۔ عاصم غنی نے کہا کہ حکومت کا  شوگر سیکٹر  کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ بہت اچھا ہے جس کے مثبت نتائج نکلیں گے اور جس کا سب سے زیادہ فائدہ کسانوں  کو اُن کی فصل کے اچھے  ریٹس ملنے کی صورت میں ہوگا۔ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب چیئرمین محمد رفیق نے کہا کہ ڈی-ریگولیشن پالیسی میں حکومت نے چیک اینڈ بیلنس بھی رکھے ہیں لیکن حکومت نے اس بات کا  بھی اظہار کیا ہے کہ شوگر انڈسٹری کو 3 سال یا اس سے کم عرصے میں مکمل ڈی- ریگولیٹ کر دیا جائے گا۔   انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں  نے دو سال پہلے گنے کی قیمت کو ڈی-ریگولیٹ کر کے ایک اچھا فیصلہ کیا تھا جو کہ  ڈی-ریگولیشن کی  طرف ایک مثبت پیش رفت تھی جس کے بہتر نتائج نکلے اور گنے کے کاشتکاروں کواُن کی فصل کے مناسب دام ملے۔ انہوں نے  ڈی-ریگولیشن کے بعد چینی  کی  قیمت  کے بڑھنے کے امکان کو رَد کرتے ہوئے کہا کہ چینی کے دام بڑھنے کی صورت میں کاشتکاروں کو بہتر دام ملیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی کی حالیہ برآمد کی اجازت کے بعد بھی 8 لاکھ اضافی چینی کے ذخائر موجود ہیں اور جلد ہی چینی کی مزید پیداوار شروع ہو جائے گی لہذا حکومت مزید چینی برآمد کرنے کی اجازت دے۔ سابق چیئرمین ذکا اشرف نے کہا کہ ڈی-ریگولیشن  پر کافی عرصے سے غور کیا جا رہا تھا مگر اس پر تاخیر ہو رہی تھی لیکن ہم حکومت کے شکرگزار ہیں کہ آخر کار شوگر انڈسٹری کا یہ دیرینہ مطالبہ پورا ہوا ۔ڈی-ریگولیشن کا فیصلہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف کاشتکاروں کا فائدہ ہو گا بلکہ ملک کی معیشت بھی ترقی کرے گی۔ انھوں نے موجودہ چیئرمین کی ڈی-ریگولیشن  کیلئے کی گئی کوششوں کو بھی سراہا۔   

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل