Loading
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ نے فرنچائز کی ممکنہ فروخت سے متعلق گردش کرنے والی باتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق حالیہ انٹرویو میں اونرسے منسوب بعض بیانات کو درست تناظر میں پیش نہیں کیا گیا جس سے فرنچائز کی مالی صورتحال کے حوالے سے غلط تاثر پیدا ہوا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کی کامیاب اور منافع بخش فرنچائزز میں شامل رہی ہے۔ فرنچائز لیگ کے چوتھے سیزن سے مسلسل سالانہ منافع حاصل کر رہی ہے،ٹیم اپنے پہلے دس سال مکمل کرنے کے بعد بھی مالی اعتبار سے لیگ کی کامیاب ترین فرنچائزز میں اپنی نمایاں حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔
فرنچائز کے مالکان ندیم عمر اور حسن عمر نے کہا کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ عالمی کرکٹ کا ایک اہم ستون بن چکی اور دنیا بھر میں اس کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ لیگ نے اپنے سفر کے دوران متعدد چیلنجز کا سامنا کیا تاہم ہر مشکل کے بعد مزید استحکام اور ترقی کے ساتھ آگے بڑھی۔ فرنچائزز کی جانب سے حال ہی میں عالمی کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں کو براہِ راست سائن کرنا لیگ کے مضبوط نظام اور کامیاب ماحول کا واضح ثبوت ہے۔
اونرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فیملی میں عالمی شہرت یافتہ فاسٹ بولر لوکی فرگوسن کی شمولیت کا بھی خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیزن 12 کی افتتاحی تقریب پشاور میں منعقد ہوگی یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل اب پاکستان کے ہر حصے تک پہنچ رہی ہے۔ یہ لیگ کے ان مداحوں کے لیے اظہارِ تشکر ہے جو پی ایس ایل کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔
مالکان نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہمارے لیے محض ایک کرکٹ فرنچائز نہیں بلکہ برسوں کی محنت، لگن اور محبت کا نتیجہ ہے۔ ٹیم کے ساتھ ہماری وابستگی اور جذبہ آج بھی پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ ہم مالی دباؤ اور خراب صحت سے متعلق تمام افواہوں کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہیں۔
اونرزنے واضح کیا کہ ہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فروخت پر صرف اسی صورت میں غور کریں گے جب ایسی پیشکش موصول ہو جسے مسترد کرنا ممکن نہ ہو۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ، ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ، اپنے کمرشل پارٹنرز اور بالخصوص کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پرجوش مداحوں کا مسلسل تعاون اور محبت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہمیشہ محفوظ ہاتھوں میں رہے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل