Friday, November 27, 2026
 

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کو 468 ملین ڈالر کے دو رعایتی قرضوں کی منظوری

 



ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں آبی وسائل اور زرعی انتظام کو بہتر بنانے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مقامی آبادی کی استعداد بڑھانے، دیہی روزگار کے مواقع میں اضافے اور غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے مجموعی طور پر 468 ملین ڈالر کے دو رعایتی قرضوں کی منظوری دے دی ہےم جن سے تقریباً 7 لاکھ 28 ہزار افراد مستفید ہوں گے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق پہلے منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا میں 208 ملین ڈالر کی مالی معاونت سے ریزیلینٹ اریگیٹڈ ایگریکلچر لائیولی ہڈز ڈیولپمنٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد نوشہرہ، صوابی اور اپر چترال کے چھوٹے کاشت کاروں کی زرعی پیداوار اور آمدن میں اضافہ کرنا ہے۔  اس حوالے سے بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت آب پاشی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، موسمیاتی اور قدرتی آفات کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والے آبی ڈھانچے کی تعمیر و بحالی، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ، پانی کے بہتر استعمال اور کسانوں کی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کیے جائیں گے اور خواتین کو روزگار سے متعلق تربیت فراہم کرنے کے ساتھ آبی وسائل کے انتظام میں ان کے کردار کو بھی بڑھایا جائے گا۔ اسی طرح دوسرا منصوبہ پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں سیلابی ریلوں کے خطرات کم کرنے اور سیلابی پانی کو محفوظ بنانے کے لیے شروع کیا جائے گا، جس کے لیے اے ڈی بی نے 260 ملین ڈالر کے رعایتی قرض کی منظوری دی ہے۔ انٹیگریٹڈ ہل ٹورنٹ مینجمنٹ پراجیکٹ کے تحت پانی ذخیرہ کرنے، نکاسی آب اور سیلاب سے تحفظ کے لیے اہم بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جائے گا جبکہ سیلابی پانی کو آب پاشی کے لیے استعمال کرنے، زیرزمین پانی کی سطح بہتر بنانے اور قدرتی ماحول کی بحالی کے لیے پائیدار زرعی طریقوں اور قدرتی حل کو فروغ دیا جائے گا۔ اے ڈی بی کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ یہ منصوبے غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کے ساتھ بڑھتے ہوئے ماحولیاتی دباؤ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ دیہی آبادی کی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے موسمیاتی خطرات کا مقابلہ کرنے والا آبی ڈھانچہ اور پائیدار زرعی طریقے انتہائی اہم ہیں۔  اے ڈی بی کے مطابق دونوں منصوبوں سے مقامی آبادی کو قدرتی آفات کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے، صوبائی سطح پر آفات سے نمٹنے کی تیاری بہتر بنانے، زرعی پیداوار بڑھانے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور زراعت، گھریلو استعمال اور ماحولیاتی بحالی کے لیے پانی کی قابل اعتماد فراہمی میں مدد ملے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل