Friday, November 27, 2026
 

مولانا کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، جے یو آئی کا عطااللہ تارڑ کے بیان پر سخت ردعمل

 



جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے ترجمان اسلم غوری نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے بیان پر سخت ردعمل دیتےہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اور دوسروں سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ مانگنے والے پہلے اپنی قیادت  کی سیاسی تاریخ کا حساب دیں۔ ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کے بارے میں عطااللہ تارڑ کا بیان حقائق سے توجہ ہٹانے کی بھونڈی حرکت ہے، نواز شریف اور شہباز شریف بتائیں کہ عطا اللہ تارڑ  کیا آپ کی زبان بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عطا اللہ تارڑ دوسروں کی حب الوطنی پر انگلی اٹھانے سے پہلے نواز شریف کے متنازع بیانات کا جواب دیں، ممبئی حملوں کے معاملے پر نواز شریف نے پاکستان کے خلاف جو بیان دیا، عطا اللہ تارڑ بتائیں وہ کس کے مؤقف کی ترجمانی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ اپوزیشن میں اداروں پر تنقید اور حکومت میں ان کے پیچھے چھپتی ہے، دوسروں سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ مانگنے والے پہلے اپنی قیادت  کی سیاسی تاریخ کا حساب دیں۔  اسلم غوری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے تمام مکاتب فکر کو متحد کرکے پاکستان میں خودکش حملوں اور مسلح جدوجہد کے خلاف متفقہ فتویٰ دلوایا، فتویٰ  کی وجہ سے اپنے اوپر 3 خودکش حملوں کا تحفہ وصول کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ملک میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا، دہشت گردی کا سب سے زیادہ نشانہ جمعیت علمائے اسلام بنی، ہمارے سیکڑوں کارکن شہید کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام دہشت گردی سے  متاثر رہی ہے ہمارے سیکڑوں کارکن اور قائدین شہید ہوچکے ہیں، اپنے کارکنوں کا خون دینے والی جماعت کو حب الوطنی کا درس دینا سیاسی کم ظرفی ہے۔ ترجمان جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، انہیں کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے، مولانا کی پاکستان سے وفاداری ان کی جدوجہد اور قربانیوں سے ثابت ہے، سیاسی بیانات سے نہیں ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل