Saturday, November 28, 2026
 

لیبیا کشتی حادثے میں لاپتا باجوڑ کے نوجوانوں کا چھ روز بعد بھی سراغ نہ مل سکا

 



لیبیا میں مبینہ کشتی حادثے کے بعد لاپتہ ہونے والے پاکستانی نوجوانوں کا 6 روز گزرنے کے باوجود سراغ نہ مل سکا، متاثرہ خاندانوں نے حکومت پاکستان سے فوری اقدامات کا مطالبہ کردیا۔ باجوڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں نے کہا کہ 6 روز گزرنے کے باوجود انہیں اپنے پیاروں کے بارے میں کوئی مصدقہ اطلاع نہیں ملی، جس کے باعث خاندان شدید ذہنی اذیت اور بے یقینی کا شکار ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر بھی انہیں کوئی حتمی جواب نہیں ملا، حکومت پاکستان فوری طور پر اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم لیبیا بھیجے جو وہاں کی حکومت اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے لاپتہ نوجوانوں کا سراغ لگائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مبینہ کشتی حادثے کے مقام، حالات اور متاثرین کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کی جائیں جبکہ لیبیا کی جیلوں اور حراستی مراکز میں بھی لاپتہ نوجوانوں کا ریکارڈ چیک کیا جائے۔ متاثرہ خاندانوں نے کہا کہ اگر نوجوان کسی جیل یا حراستی مرکز میں موجود ہیں تو ان کی قانونی رہائی اور بحفاظت پاکستان واپسی یقینی بنائی جائے۔ خاندانوں نے متعلقہ ایجنٹس سے بھی نوجوانوں کی روانگی، کشتی اور آخری رابطے سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ متاثرین نے اپیل کی کہ حکومت پاکستان، لیبیا کی حکومت اور بین الاقوامی ادارے اس معاملے کو فوری ترجیح دیں۔ ہمیں تسلیاں نہیں بلکہ اپنے پیاروں کے بارے میں مصدقہ معلومات اور عملی اقدامات درکار ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل