Sunday, November 29, 2026
 

میانمار، شادی کی تقریب اور اسکول پر فوج کے فضائی حملے، درجنوں ہلاک

 



میانمار میں فوجی فضائی حملوں کے نتیجے میں شادی کی تقریب، اسکول اور رہائشی علاقے سمیت مختلف مقامات پر درجنوں افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق جنوبی شان ریاست کے گاؤں موئے بائی میں ہفتے کی دوپہر شادی کی تقریب پر فضائی حملے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوئے۔  جب کہ جمعرات کو وسطی علاقے میگ وے کے گاؤں ان یون میں اسکول پر حملے کے نتیجے میں طلبہ، نوجوان بدھ بھکشوؤں اور اساتذہ سمیت کم از کم 20 شہری ہلاک ہوگئے۔ یہ اعدادوشمار میانمار کی جلاوطن حکومت نیشنل یونٹی گورنمنٹ (این یو جی) نے جاری کیے۔ میانمار کے مغربی علاقے راکھائن ریاست کے شہر مراک یو میں بھی ہفتے کی شام فوجی فضائی حملہ کیا گیا، جہاں رہائشی علاقے کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں 10 سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً 20 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ یہ علاقہ اراکان آرمی کے کنٹرول میں ہے، جو فوجی حکومت کے خلاف سرگرم طاقتور نسلی مسلح گروپوں میں شمار ہوتی ہے۔ میانمار کی فوجی حکومت نے ان حملوں سے متعلق تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ ملک میں 2021 میں فوجی بغاوت کے بعد سے خانہ جنگی جاری ہے جس کے دوران فوج مختلف علاقوں میں فضائی حملے اور زمینی کارروائیاں کرتی رہی ہے، جبکہ متعدد دیہات بھی تباہ ہوچکے ہیں۔ یہ تازہ حملے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایک ہفتہ قبل عالمی عدالت انصاف نے میانمار کو روہنگیا اقلیت کے خلاف نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ 2017 میں فوجی کارروائیوں کے دوران ہزاروں افراد ہلاک اور 7 لاکھ سے زائد روہنگیا میانمار سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے تھے۔ میانمار نے نسل کشی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ فوج نے مسلح گروپوں کے حملوں کے جواب میں کارروائی کی تھی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل