Loading
شہر قائد میں مسلح لیٹروں نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر تین بچوں کے باپ کو قتل کردیا۔ پولیس حکام کے جرائم میں کمی کے دعوؤں کے باوجود رواں سال مسلح ڈکیتوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے معصوم شہریوں کی تعداد 100 ہوگئی۔ پیرکی علی الصبح پیرآباد تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر چار ہزارہ چوک کے قریب ڈاکوؤں کی فاٸرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، مقتول کی شناٰخت 45 سال فیاض احمد ولد صاحب زادہ کے نام سے کی گئی جو اورنگی ٹاون ہزارہ چوک جاپانی بلڈنگ کے قریب کا رہائشی اور تین بچوں کا باپ تھا۔ ایس ایچ او پیرآباد انسپکٹر امتیاز میر نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول فیاض احمد سائٹ ایریا کی فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا اور فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا، مقتول گھر سے نکل کر فیکٹری جا رہا تھا کہ موٹر ساٸیکل سوار 2 نامعلوم مسلح ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی، مقتول نے مزاحمت کی تو ملزمان نے گولی چلا دی، فاٸرنگ کے بعد ملزمان لوٹے بغیر ہی فرار ہوگٸے۔ پولیس کو جاٸے وقوع سے پستول کا ایک خول ملا ہے جسے پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے جبکہ پولیس ارد گرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا جاسکے، قانونی کاررواٸی کے بعد مقتول کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔ مقتول فیاض احمد کے بڑے بھائی نے بتایا کہ انہیں بھائی کے قتل کی اطلاع صبح ساڑھے 6 بجے ملی تھی، تدفین کے بعد قانونی کارروائی کریں گے اور جو بھی اس واقعے میں ملوث ہوا اسے سخت سے سخت سزا دلوائیں گے، انہوں نے بتایا کہ علاقے میں لوٹ مار کی وارداتیں عام ہیں اور اس سے قبل بھی کئی وارداتیں رونما ہوچکی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل