Thursday, November 21, 2024
 

نیدرلینڈز کا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اپنی سرزمین پر گرفتار کرنے کا اعلان

 



نیدرلینڈز کے وزیرخارجہ کیسپر ویلڈکیمپ نے عالمی عدالت کے فیصلے کا احترام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو ہماری سرزمین پر پاؤں رکھتے ہیں تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ خبرایجنسی انادولو کی رپورٹ کے مطابق نیدرلینڈز کے مقامی میڈیا نے بتایا کہ وزیرخارجہ کیسپر ویلڈکیمپ نے کہا کہ اگر بینجمن نیتن یاہو نے ہماری سرزمین پر پاؤں رکھا تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ نیدرلینڈز کے نشریاتی ادارے این او ایس سے جاری بیان کے مطابق کیسپر ویلڈکیمپ نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ نیدرلینڈز عالمی عدالت کے اس فیصلے کا احترام کرتا ہے جس میں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کو گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ ڈچ سرزمین پر پہنچتے ہیں تو وہ گرفتار ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی اصول اسرائیل کے سابق وزیردفاع یووو گیلنٹ اور حماس کے رہنما محمد ضیاب ابراہیم پر لاگو ہوتا ہے جنہیں عالمی عدالت نے گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیا ہے۔ کیسپر ویلڈکیمپ نے زور دیا کہ نیدرلینڈز کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ غیرضروری تعلقات ختم کردیے جائیں گے کیونکہ اسرائیل کے اعلیٰ عہدیدارغزہ میں انسانیت کے خلاف جرم اور جنگی جرائم کے مرتکب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈ روم اسٹیٹیوٹ پر 100 فیصد عمل کرتا ہے جس کے تحت ہیگ میں عالمی عدالت کا قیام عمل میں آیا تھا اور اس کے قواعد و ضوابط بھی اسی کے مطابق وضع کی گئے تھے۔ خیال رہے کہ عالمی عدالت نے غزہ میں نسلی کشی اور جنگی جرائم کے الزامات کی بنیاد پر اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور سابق وزیردفاع یوو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔ یووگیلنٹ کو نیتن یاہو نے حال ہی میں وزارت دفاع سے برطرف کردیا تھا تاہم انہیں 13 ماہ کی طویل جنگ کے دوران غزہ پر ہونے والی وحشیانہ کارروائیوں میں مجرم ٹھہرایا گیا ہے۔ غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران اب تک 44 ہزار کے قریب فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، شہیدوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل