Friday, November 22, 2024
 

چیف جسٹس نے کے پی میں جیل اصلاحات کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی

 



چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جیل اصلاحات کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے خیبرپختونخوا میں ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی۔ پشاور میں چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جیل اصلاحات مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اشتیاق ابراہیم، جسٹس اعجاز انور خان، انتظامی اور مانیٹرنگ جج برائے جیل خانہ جات نے شرکت کی، جیل اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل نے بھی شرکت کی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ایک منصفانہ اور مساوی فوجداری انصاف کے فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا اور خیبرپختواہ میں جیل اصلاحات کمیٹی کی ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی۔ عائشہ بانو چیف جسٹس کی جانب سے تشکیل دی گئی ذیلی کمیٹی کی کوارڈینیٹر ہوں گی، فضل شکور خان، احمد کریم کنڈی اور امجد علی ذیلی کمیٹی کے اراکین ہوں گے۔ آئی جی جیل خانہ جات کا نامزد کردہ نمائندہ بھی اس ذیلی کمیٹی کا حصہ ہوں گے، ذیلی کمیٹی صوبے میں جیلوں کے حالات اور درجہ بندی کرکے رپورٹ تیار کرے گی۔ جیل اصلاحات کی ذیلی کمیٹی اپنی رپورٹ جسٹس ریٹائرڈ قلندرعلی خان کو ارسال کرے گی۔ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے کے پی کی جیل انتظامیہ کو 1289 چھوٹے جرائم کے قیدیوں کو رہا کرنے کے اقدام کی تعریف کی۔ قبل ازیں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے پنجاب میں جیل اصلاحات کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما خدیجہ شاہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر احد چیمہ کو اس کمیٹی کا حصہ بنایا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل