Loading
ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار الو ارجن کی فلم ’’پشپا 2: دی رول‘‘ جہاں کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے، وہیں اس کی نمائش کے دوران کچھ افسوسناک واقعات بھی پیش آئے ہیں جنہوں نے سب کی توجہ اپنی طرف کرلی ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ رایادرگام میں پیش آیا، جہاں فلم کے دوران الو ارجن کے ایک اور مداح کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 35 سالہ ہریجن مدھناپ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ہریجن دوپہر 2:30 بجے رایادرگام کے ایک تھیٹر میں فلم کا میٹنی شو دیکھ رہا تھا، تاہم شام 6 بجے تھیٹر کے عملے نے اسے مردہ حالت میں پایا جس سے تھیٹر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہریجن نشے کی حالت میں تھا اور شراب نوشی کا عادی تھا۔ وہ چار بچوں کا باپ تھا۔ تاہم اس کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ اس واقعے پر بھارتی قانون کی دفعہ 194 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ؤیاد رہے کہ اس سے قبل حیدرآباد کے ایک سینما گھر میں فلم ’’پشپا 2‘‘ کی نمائش کے دوران ایک اور افسوسناک حادثہ ہوا تھا، جس میں ایک 35 سالہ خاتون جاں بحق اور اس کا 9 سالہ بیٹا بھگدڑ مچنے کے باعث زخمی ہوگیا تھا۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب الو ارجن اور میوزک ڈائریکٹر دیوی سری پرساد اور فلم کی ٹیم پریمیئر میں شریک تھے۔ ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے تھے، جس کے نتیجے میں تھیٹر کے مرکزی دروازے کے گرنے سے بھگدڑ مچ گئی تھی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل