Loading
ملک بھر میں بجلی بلز کی مد میں بقایاجات کی ادائیگی بروقت نہ ہونے کے معاملے پر پاور ڈویژن نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کو خطوط لکھ دیے۔ وفاقی وزیر اویس لغاری کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت توانائی نے صارفین کے لیے سستی بجلی کے لیے اصلاحات کا آغاز کیا ہے جس کے تحت مالی وسائل میں اضافہ، بجلی چوری کے خاتمے اور صارفین کے واجب الادا بلز کی وصولی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پاور ڈویژن نے خط میں لکھا ہے کہ وزرائے اعلیٰ سے فوری طور پر بجلی کے بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنانے کی درخواست ہے کیونکہ واجب الادا بجلی بلز کی وجہ سے توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات متاثر ہو رہے ہیں۔ خط کے متن کے مطابق صوبوں کے مختلف محکمے بجلی کے بلز کی ادائیگی میں غفلت برت رہے ہیں اور بجلی بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پاور کمپنیوں پر مالی بوجھ بڑھ رہا ہے لہٰذا واجب الادا بلز کی وجہ سے بجلی کی بلا تعطل سپلائی میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ پاور ڈویژن کے خط میں وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا ہے کہ وزرائے اعلیٰ سے اس معاملے میں فوری مداخلت کی اپیل کرتا ہوں کیونکہ بقایاجات کی عدم ادائیگی سے گردشی قرض کا بحران سنگین ہو رہا ہے، توانائی کے شعبے میں استحکام کے لیے وفاقی حکومت صوبائی حکومت سے تعاون کی امید ظاہر کرتی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل