Sunday, December 22, 2024
 

3 خواتین سمیت گداگری میں ملوث سعودی عرب جانے والے 4 مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا

 



وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے امیگریشن سیل نے  سیالکوٹ اور کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے گداگری میں ملوث 3 خوتین سمیت سعودی عرب جانے والے 4 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف گوجرانوالہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ  ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث 3 خواتین مسافروں کو  گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے گوجرانوالہ کے مطابق مسافر خواتین کی شناخت روبینہ بی بی، عنایت بی بی اور مقصود بی بی کے نام سے ہوئی، گرفتار خواتین فلائٹ نمبر او وی  505 کے ذریعے سعودی عرب سے پاکستان پہنچیں۔ بیان کے مطابق گرفتار خواتین کا تعلق ملتان، مظفر گڑھ اور رحیم یار خان کے مختلف علاقوں سے ہے، گرفتار خواتین عمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث پائی گئیں۔ ترجمان نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار خواتین نے 2 لاکھ 50 ہزار روپے فی کس کے عوض عمرہ ویزہ اور ٹکٹس کا انتظام کیا، خواتین نے مکہ پہنچ کر گداگری شروع کر دی اور کئی ماہ تک گداگری کرتی رہی ہیں۔ ایف آئی اے گوجرانوالہ کے مطابق گرفتار خواتین کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل گجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے گداگری میں ملوث سعودی عرب جانے والے مسافر کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے مطابق گرفتار مسافر کی شناخت الہاندو پنور کے نام سے ہوئی ہے، مسافر فلائٹ نمبر ایکس وائی سکس تھری ایٹ کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہو رہا تھا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ مسافر کا نام بلیک لسٹ کیٹیگری میں شامل تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر سال 2019 میں عمرہ ویزہ پر سعودی عرب گیا تھا، گداگری میں ملوث ہونے پر مسافر کا نام بلیک لسٹ کیٹگری میں شامل کیا گیا تھا۔ ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ مسافر الہاندو پنور سعودی عرب میں بھیک مانگنے میں ملوث رہا ہے، سعودی حکام نے گداگری میں ملوث ہونے پر ملزم کو گرفتار کرکے جون 2023 میں پاکستان ڈی پورٹ کیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ دوران تفتیش مسافر نے انکشاف کیا کہ اس نے 2 لاکھ 40 ہزار روپے کے عوض ویزہ اور ٹکٹ کا انتظام عبدالشکور نامی ایجنٹ سے کروایا تھا جب کہ ایجنٹ نے مسافر کو سعودی عرب پہنچنے کے بعد بھیک مانگنے کا مشورہ دیا تھا۔ ترجمان ایف آئی نے مزید کہا کہ مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل