Loading
کراچی میں پانی کی مصنوعی قلت کے بعد واٹر بورڈ اور پولیس نے چکرا گوٹھ کورنگی میں غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹ کو سیل کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایس ایس پی کورنگی کے مطابق کراچی میں جاری حالیہ پانی کی قلت کے باعث واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ہمراہ تھانہ زمان ٹاؤن پولیس نے چکرا گوٹھ کورنگی نمبر ایک میں غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹ کے خلاف کارروائی کی۔ واٹر بورڈ اور پولیس نے غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹ کو سیل کرکے غیر قانونی پانی کے کاروبار میں ملوث ملزم نعمان ولد منیر احمد کو گرفتار کرلیا جبکہ تین ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جن میں رفیق، عبداللہ کوریجو اور احمد شامل ہیں۔ پولیس نے گرفتار ملزم اور فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔ یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ کئی روز سے پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے جس کے خلاف ہفتہ کو جماعت اسلامی نے 15 مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی کیے تھے۔ احتجاجی مظاہروں کے دوران مشتعل افراد نے نیپا اور حسن اسکوائر سے گزرنے والے واٹر ٹینکرز کے وال کھول دیے تھے جس سے ہزاروں گیلن پانی ضائغ ہوا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گھروں میں پانی نہیں آرہا تو ٹینکر مافیا کو پانی کیسے مل رہا ہے؟۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل