Sunday, December 22, 2024
 

عبداللہ شفیق کی ‘زیرو ہیٹ ٹرک’، بدترین ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا

 



قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر عبداللہ شفیق نے ایک روزہ سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صفر پر آؤٹ ہونے کا بدترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں عبداللہ شفیق پہلے اوور کی دوسری گیند پر ربادا کی وکٹ بن گئے اور خراب ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ عبداللہ شفیق مسلسل تین دفعہ صفر پر آؤٹ ہو کر ایک ون ڈے سیریز کے تمام میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے والے پہلے اوپنر بن گئے ہیں جبکہ مسلسل 3 میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے کا منفی ریکارڈ عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر اور آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز بیٹر رکی پونٹنگ کے پاس بھی ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹی20 سیریز میں ناکامی کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ایک روزہ سیریز پہلے ہی اپنے نام کرچکی ہے تاہم عبداللہ شفیق پہلے میچ میں مارکو جینسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے تھے۔ کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں عبداللہ شفیق کو جینسن نے شکار بنایا تھا اور اس سے قبل انہوں نے دو گیندوں کا سامنا کیا تھا۔ کرکٹ کے ریکارڈز کے مطابق بھارت کے عظیم بیٹر سچن ٹنڈولکر 1994 نے مسلسل تین میچوں میں صفر پر آؤٹ ہو کر یہ ریکارڈ بنایا تھا جبکہ رکی پونٹنگ 2000 میں ایک روزہ سیریز کے 3 میچوں میں مسلسل صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے۔ مسلسل تین میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں کی فہرست طویل ہے اور اس میں پاکستان کے سابق اوپنرز بھی شامل ہیں، جن سلمان بٹ، شعیب محمد، شعیب ملک، محمد وسیم اور شاداب کبیر شامل ہیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں مسلسل صفر پر آؤٹ ہونے کا 5 بلے بازوں کا مشترکہ ریکارڈ ہے، جن میں انگلینڈ کے کریگ وائٹ، ویسٹ انڈیز کے گوس لوگی، زمبابوے کے ہنری اولنگا، سری لنکا کے لاستھ ملنگا اور سری لنکا ہی کے پرامودیا وکرما سنگھے شامل ہیں۔ عبداللہ شفیق اگلی سیریز میں بھی صفر پرآؤٹ ہوئے تو بطور پر اوپنر اپنا ریکارڈ مزید بدتر بنائیں گے اور مسلسل آؤٹ ہونے والے بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہو کر چھٹے بلے باز بن جائیں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل