Loading
تامل فلموں کے سپر اسٹار الو ارجن کی فلم ’’پشپا 2‘‘ نے مداحوں کو اپنا دیوانہ بنا لیا ہے، لیکن اسی فلم کا شوق مفرور گینگسٹر کےلیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق قتل کے دو کیسز اور منشیات کی اسمگلنگ کے الزامات میں مطلوب مفرور گینگسٹر وشال مشرم کی گرفتاری ’’پشپا 2‘‘ کے باعث ممکن ہوپائی ہے۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ وشال مشرم ’’پشپا‘‘ فلم میں بہت دلچسپی رکھتا ہے۔ اسی اطلاع کے سہارے پولیس گینگسٹر تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔ بھارتی شہر ناگپور میں تامل فلم ’’پشپا 2‘‘ کی اسکریننگ کے دوران فلم بینوں کو حقیقی فلمی سین کا سامنا ہوا جب ان کے درمیان فلم دیکھنے بیٹھے ہوئے مفرور گینگسٹر وشال میشرم کو پولیس نے گھیر کر گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گینگسٹر کے خلاف مجموعی طور پر 27 مقدمات درج ہیں۔ وشال مشرم 10 ماہ سے مفرور تھا۔ بالآخر الو ارجن کی فلم ’’پشپا 2‘ دیکھنے کا شوق اس کی گرفتاری کا باعث بن گیا۔ پولیس نے سائبر ٹریکنگ اور اس کی نئی گاڑی کے ذریعے اس کا سراغ لگایا اور اس کے تھیٹر پہنچنے کے بعد اسے چاروں طرف سے گھیر لیا۔ پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انھیں وشال مشرم کی ’’پشپا 2‘‘ میں دلچسپی رکھنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں اور انھیں اندازہ تھا کہ گینگسٹر اس فلم کی اسکریننگ کے موقع پر لازمی سینما گھر آئے گا۔ وشال اس وقت ناگپور سینٹرل جیل میں قید ہے اور جلد ہی اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل