Tuesday, December 24, 2024
 

کرسمس انفرادی تبدیلی اور اجتماعی تعمیر کا دن

 



 کرسمس کا لفظ سنتے ہی ذہن میں ایک خوب صورت تصویر اور دل کش یادیں تازہ ہوجاتی ہیں۔ یہ لفظ سنتے ہی رُوح کی شادمانی کے ساتھ دِل بھی مسرور ہوجاتا ہے۔ چوںکہ کرسمس امن، محبت اور سماجی ہم آہنگی کا درس دیتا ہے اس لیے اس دن اور موقع پر انسانوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے اور دلوں میں بسی نفرت کو مٹانے کا بہترین موقع ہوتا ہے۔ کرسمس سے متعلق اس مضمون میں ہم انسانی رویوں کی تبدیلی، انفرادی تبدیلی اور اجتماعی تعمیر کے نقطہ نظر پر گفتگو کریں گے۔ معروف لیڈرشپ ایکسپرٹ جان سی میکسویل کا کہنا ہے کہ ’’کرسمس کا پیغام نہایت سادہ، ذاتی اور خاص ہے۔‘‘ کرسمس کا تہوار ہر سال نہ صرف خوشی اور امن کا درس دیتا ہے بلکہ یہ انسانوں کو اپنی ذات، رویوں اور نقطہ نظر کا ازسر نو جائزہ لینے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ یہ تہوار شان دار ماضی کی یاد، موجودہ لمحے کی خوشیوں اور بہتر مستقبل کی نوید کا حسین امتزاج ہے۔ کرسمس ایک ایسا وقت ہے جو انسان کو ظاہری رسومات سے زیادہ اندرونی تبدیلی، تیاری، اور خوشی کی حقیقی معنوں میں اہمیت سمجھاتا ہے۔ کرسمس انفرادی تبدیلی کا پیغام کرسمس کے حقیقی معنی چیزوں کے حصول یا ظاہری سجاوٹ میں نہیں بلکہ خود کو بدلنے، اپنے کردار کو سنوارنے، اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنا حصہ ڈالنے میں ہیں۔ یہ موقع ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنے رویوں پر غور کریں، اپنی غلطیوں سے سیکھیں، اور خود کو بہتر انسان بنانے کی کوشش کریں۔ کرسمس پر صلح، محبت، اور درگزر کے پیغام کو اپنانا انفرادی تبدیلی کی پہلی سیڑھی ہے۔ رویوں کی تبدیلی: کرسمس کا سب سے بڑا سبق کرسمس کا تہوار ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ ہم اپنے رویوں میں نرمی، شفقت اور برداشت پیدا کریں۔ یہ انمول موقع ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ ہمارا رویہ نہ صرف ہماری اپنی زندگی پر بلکہ ہمارے اردگرد موجود لوگوں کی زندگیوں پر بھی گہرا اثر ڈالتا ہے۔ ایک بہتر معاشرہ تب ہی ممکن ہے جب ہر فرد اپنے رویے میں مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کرے۔ اجتماعی تعمیر کی اہمیت کرسمس محض انفرادی خوشی کا تہوار نہیں بلکہ یہ اجتماعی تعمیر کا ایک اہم پیغام دیتا ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنی اجتماعی ذمے داریوں کو پہچانیں اور سماجی بھلائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ کرسمس کے دوران ہم ضرورت مندوں کی مدد، بے سہارا افراد کی دل جوئی اور سماجی مساوات کے لیے عملی اقدامات کرسکتے ہیں۔ کرسمس ایک نئے عزم کا آغاز کرسمس صرف ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ ایک نئے سال اور ایک نئے انسان کے عزم کا آغاز بھی ہے۔ یہ ہمیں نئے ارادے، نئے خیالات، اور نئے خوابوں کے ساتھ آگے بڑھنے کی تحریک دیتا ہے۔ یہ موقع ہمیں اپنی زندگی کے ان پہلوؤں پر غور کرنے کا موقع دیتا ہے جنہیں بہتر بنایا جا سکتا ہے۔  محبت اور امید کا تہوار یہ تہوار محبت، امن اور امید کا پیغام ہے۔ کرسمس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ انسانیت کی خدمت میں ہی حقیقی خوشی ہے۔ یہ دن ہمیں دوسروں کے لیے جینے، ان کی مشکلات کو کم کرنے اور دنیا کو بہتر جگہ بنانے کے لیے اپنی بھرپور کوشش کرنے کا درس دیتا ہے۔ کرسمس ایک ایسا موقع ہے جو ہمیں انفرادی تبدیلی اور اجتماعی تعمیر کے لیے تحریک دیتا ہے۔ یہ نہ صرف مذہبی عبادات کا وقت ہے بلکہ سماجی ذمے داریوں کو پورا کرنے اور معاشرتی مساوات کو فروغ دینے کا بھی بہترین موقع ہے۔ کرسمس ہمیں اپنے اندر جھانکنے اور اپنی ذات کو بہتر بنانے کی یاد دہانی کراتا ہے تاکہ ہم دوسروں کے لیے باعث برکت بن سکیں۔  اندر کی تبدیلی تیاری اور حقیقی خوشی کا تقاضا  کرسمس درحقیقت انسان کی اندرونی تبدیلی اور تیاری کا نام ہے جس کی بدولت ہی انسان کو حقیقی خوشی حاصل ہوتی ہے۔ بدقسمتی سے آج کے تیزرفتار اور ڈیجیٹل دور میں ہم انسان اپنے باہر اور ظاہر کو تبدیل کرنے کی جستجو میں معروف ہیں کہ ہمیں اپنی اندرونی تیاری اور خوشی کا اندازہ ہی نہیں ہوتا ہے۔ اس لیے کرسمس کے ایام ہمیں یہ موقع دیتے ہیں کہ ہم اپنے اندر کی تبدیلی اور خوشی کو تلاش کریں۔  چیزوں سے زیادہ خود کو بدلنے کی ضرورت  کرسمس بے شک ایک مذہبی تہوار ہے لیکن اس سے بڑھ کر یہ کمرشیل سیزن بھی بن چکا ہے جس میں دُنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مختلف چیزوں پر سیلز اور روایتی پیکیج متعارف کروائے جاتے ہیں۔ یقینی طور پر انسان خود کو بدلنے کے لیے اپنی چیزوں پر بدلنے پر زیادہ ضرورت دیتا ہے۔ یہ اچھی بات ہے لیکن کرسمس ہمیں موقع دیتا ہے کہ ہم چیزوں سے زیادہ خود کو بدلنے اپنے رویوں اور سوچ کو بدلنے کے لیے تیار ہوں۔ رویوں پر دھیان اور گیان اہم نکتہ  عمر اور تجربے میں بڑھنے کے ساتھ ساتھ مجھے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ عیدیں اور تہوار بالخصوص ہم انسانوں کی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی میں رویوں پر دھیان اور گیان کرنے کا موقع دیتے ہیں۔ جب ہم اپنی زندگی کی معمول کی تقریبات سے ہٹ کر خود کو ایسا وقت دیتے ہیں۔ جب ہم یہ سوچتے اور غوروفکر کرتے ہیں کہ ہمارے رویے انسانی زندگی کس قدر دوسروں اور سماج پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ معاشرتی بھلائی اور مساوات کا پیغام یاد رکھیں کرسمس معاشرتی بھلائی اور سماجی مساوات کا پیغام دیتا ہے۔ پاکستان میں بے شمار ایسے لوگ ہیں جو کرسمس منا رہے ہیں اور مالی طور پر مستحکم نہ ہونے کی وجہ سے اکثر وہ ان خوشیوں کو ویسے نہیں منا سکتے جس طرح سے عام انسان مناتے ہیں۔ اس لیے کرسمس کے موقع پر ایسے لوگوں کی مدد کرنا ان کی خوشیوں میں شامل ہونا اور ان کو خوشیاں منانے کا موقع مہیا کرنا، ایک بہترین انسانی اور سماجی مساوات کی خدمت کا ذریعہ ہے۔ نئے سال اور نئے انسان کا عزم اور آغاز  کرسمس کا سیزن ایسے وقت میں آتا ہے جب پوری دُنیا میں موسم کی تبدیلی اور نئے سال کا آغاز ہونے کے قریب ہوتا ہے اس لیے انسان اپنے رویوں، خود کو پُراُمید رکھنے، بہتر مستقبل کی تلاش اور زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے جستجو اور عزم کرتا ہے۔ اس لیے کرسمس وہ بہترین موقع ہے جو ہمیں دھیان اور گیان کے ساتھ ساتھ ایسا ماحول مہیا کرتا ہے کہ ہم نئے انسان بن کر نئے عزم کے ساتھ نئی شروعات کریں۔ بچے کرسمس کا محور یاد رکھیں کسی بھی معاشرے اور خاندان میں بچے سب کی توجہ کا محور اور مرکز ہوتے ہیں، اس لیے ان کے لیے یہ عیدیں اور تہوار، خوش گوار یادوں کا گہوارہ بن جاتے ہیں۔ ان کی خوشی اور تیاری کے لیے ہر ممکن کوشش کریں اور ان کے بچپن کے کرسمس کو یادگار اور خوب صورت بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔ مجھے یاد ہے کہ بچپن کے کرسمس کا جوش ولولہ اور خوشی ہی الگ تھی۔ اس لیے اپنے بچوں کو اس موقع پر خوشی دینے کے نئے طریقے ڈھونڈیں اور ساتھ ہی ایسے بچوں کا بھی خیال رکھیں جو ان خوشیوں سے محروم رہ جاتے ہیں۔  کرسمس اور خاندان دُنیا میں کوئی بھی عید اور تہوار خاندان کے بغیر حقیقی خوشی کا سبب نہیں بن سکتی ہے۔ اس لیے سارا سال خاندان میں مختلف باتوں، واقعات اور فیصلوں پر ناراضیاں اور دوریاں رہتی ہیں۔ کرسمس یہ موقع دیتا ہے کہ ہم ان ناراضیوں کو ختم کریں۔ صلح، محبت اور رواداری کو فروغ دیں اور ایک دوسرے کے مبارکباد دینے میں پہل کریں۔ کرسمس منائیں اور ساتھ ہی ان لوگوں کو جو سارا سال ہم سے ناراض ہوتے ہیں۔ کرسمس کے موقع پر اپنے اندر کی تاریکی کو الہٰی روشنی سے منور کریں، اپنی عادتوں، رویوں اور خیالات کو بدلیں۔ اپنی زندگی میں دوسروں کے لیے جگہ بنائیں۔ اپنے گھروں اور خاندانوں میں امن اتحاد اور اتفاق کی محبت کو جگہ دیں۔ اس موقع پر خوشیاں منائیں لیکن اس کے ساتھ خوشیاں بانٹیں بھی۔ چیزیں، تحفے اور عزت لینے سے زیادہ دینے پر توجہ مرکوز رکھیں۔ چیزوں سے بڑھ کر کرسمس کی حقیقی پیغام پر توجہ دیں۔ خود کو بدیں اپنی دُنیا بدلیں۔ آپ سب کو کرسمس کی خوشیاں اور برکتیں مبارک ہوں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل