Loading
مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر نظیر محمد عیاد نے پاکستان میں جامعہ الازہر کا کیمپس قائم کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ اس کا مقصد اسلامی تعلیمات کے ساتھ ساتھ عربی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔ وزارت تعلیم کے جاری کردہ بیان کے مطابق مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر نظیر محمد عیاد نے وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر نظیر محمد عیاد کا کہنا تھا کہ جامعہ الازہر میں 40 فیصد سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں اور جامعہ خواتین کی تعلیم کی پُرزور حامی ہے، اس کے قیام کا مقصد اسلامی تعلیمات کے ساتھ ساتھ عربی ثقافت کو بھی فروغ دینا ہے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ مفتی اعظم مصر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے علما کو مصر بھیجنا چاہیے تاکہ وہ دنیا کی قدیم ترین درسگاہوں میں سے ایک کے تجربات اور تعلیمات سے مستفید ہو سکیں۔ وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان اور مصر دونوں دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کے حامل ممالک ہیں۔ انہوں نے جامعہ الازہر کو پوری اسلامی دنیا کے لیے بے حد اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا خواب ہے کہ وہ اس تعلیمی ادارے کا دورہ کریں، جو اسلامی تعلیمات کا مرکز ہے، ہماری وزارت تعلیم جامعہ الازہر کے کیمپس کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ خالد مقبول صدیقی نے مفتی اعظم مصر کو یہ بھی بتایا کہ وفاقی دارالحکومت کے تمام سرکاری اسکولوں میں عربی زبان کی کلاسز شروع کی گئی ہیں تاکہ اسلام کی حقیقی تعلیمات سے آگاہی پیدا کی جا سکے۔ واضح رہے کہ ’حکومت کی خواتین کو مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے عزم کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں سے دو ہزار سے زائد طالبات کو 11 جنوری کو ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل