Loading
شام کے نئے صدر احمد الشرع سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے جہاں ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق شام کے نئے صدر احمد الشرع المعروف ابو محمد الجولانی دورے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور اعلیٰ سعودی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ دسمبر میں احمد الشرع کی قیادت میں باغی گروہوں نے شام سے بشار الاسد کے طویل آمرانہ دور کا خاتمہ کرکے انھیں روس فرار ہونے پر مجبور کردیا تھا۔ جس کے بعد احمد الشرع نے ایک عبوری حکومت قائم کی تھی جسے سعودی عرب سمیت عالمی قوتوں کی حمایت حاصل تھی۔ احمد الشرع المعروف ابو محمد الجولانی نے بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے بعد سعودی عرب کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا تھا۔ بعد ازاں عبوری حکومت نے تمام مسلح گروہوں کو غیر مسلح اور تحلیل کرکے انھیں وزارت دفاع میں ضم کرنے اور آئین معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ عبوری حکومت نے آئین کی معطلی کے ساتھ ہی احمد الشرع کو ملک کا نیا صدر مقرر کیا تھا۔ احمد الشرع نے صدر بنتے ہی پہلا سرکاری دورہ سعودی عرب کا کیا ہے کیوں کہ ان کی جائے پیدائش بھی ریاض ہی ہے۔ سعودی عرب نے شام میں ہونے والی مثبت تبدیلی اور عوام کی بیداری کی لہر کی حمایت کے لیے ہرممکن مدد کرنے کا عزم کا اظہار کیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل