Loading
نئی دہلی: بھارت میں ہندو مذہب کے مقدس مہا کمبھ میلے کے دوران گنگا میں اشنان (نہانے) والی خواتین اور نوجوان لڑکیوں کی ویڈیوز اور تصاویر خفیہ طور پر فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر متعدد فیس بک پیجز، انسٹاگرام گروپس اور دیگر پلیٹ فارمز پر نیم عریاں ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرکے فروخت کی جا رہی ہیں۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ درجنوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس گنگا میں نہانے والی خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز مختلف زاویوں سے بنا کر شیئر کر رہے ہیں۔ ان ویڈیوز کو ’بلر‘ کرکے رکھا جاتا ہے اور مکمل رسائی کے لیے انہیں ٹیلیگرام پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ یہ ویڈیوز اور تصاویر ’مہا کمبھ گنگا اشنان پریاگ راج‘ جیسے ناموں سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جا رہی ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اشنان کرنے والی خواتین کی ویڈیوز اور تصاویر کو مختلف فحش ویب سائٹس کو فروخت کیے جانے کا بھی امکان ہے۔ خیال رہے کہ ہندو مذہب میں گنگا میں اشنان کرنا مذہبی فریضہ سمجھا جاتا ہے اور عقیدہ ہے کہ اس سے گناہ دھل جاتے ہیں۔ بھارت میں جاری مہا کمبھ میلہ کے دوران لاکھوں افراد روزانہ گنگا میں اشنان کر رہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل