Sunday, August 03, 2025
 

مودی کی اتحادی جماعت کے مشہور سابق رکن اسمبلی کو ریپ کیس میں عمر قید کی سزا

 



بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹکا کی عدالت نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی اتحادی جنتا دل کے سابق رکن اسمبلی اور بااثر سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والے رہنما کو گھریلو ملازمہ کے ریپ کیس میں عمر قید کی سزا سنا دی۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ کے سابق رکن پراجوال ریوانا کرناٹکا کے بااثر سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں تاہم انہیں سابق گھریلو ملازمہ سے جنسی زیادتی کا مجرم قرار دیے جانے کے ایک روز بعد سزا سنائی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 34 سالہ سابق رکن اسمبلی پر الزام پہلی مرتبہ 2023 میں عائد ہوئے تھے اور اس دوران سیکڑوں نامناسب ویڈیوز منطر عام پر آگئی تھیں اور ملک بھر میں احتجاج کیا گیا تھا۔ پراجوال ریوانا نے فرد جرم سے انکار کیا تھا تاہم گزشتہ روز جب وہ مجرم ثابت ہوئے تو نم آنکھوں سے عدالت سے استدعا کی تھی کہ انہیں کم سے کم سزا دے دیں۔ بھارتی قانون کے مطابق وہ اس سزا کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق پراجوال ریوانا بھارت کے سابق وزیراعظم ایچ ڈی ڈیو گوڈا کے پوتے ہیں اور ان کی سیکولر جماعت جنتا دل موجودہ وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بی جے پی کی اتحادی ہے۔ بھارت میں عام طور پر ایسے بااثر سیاسی پس منظر رکھنے والے افراد کو سزائیں ملنا غیرمعمولی واقعہ ہے۔ پراجوال ریوانا اپریل 2024 میں سفارتی پاسپورٹ استعمال کرتے ہوئے بیرون ملک چلے گئے تھے جبکہ ان کی ریاست میں ان کی سیکڑوں ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا تھا تاہم ان کے دفتر سے عہدیداروں نے مؤقف دیا تھا کہ ویڈیوز جعلی ہیں۔ بعد ازاں وہ جرمنی سے واپس بھارت آگئے تھے اور انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ پراجوال ریوانا کو اس وقت مزید دو ریپ کیسز اور ایک ہراسانی کیس کا سامنا ہے جبکہ انہوں نے الزامات مسترد کریا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل