Sunday, October 05, 2025
 

دنیا اسرائیل کیساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کردے؛ ہسپانوی نائب وزیراعظم

 



اسپین کی نائب وزیراعظم یولنزا ڈیاز نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور بھوکے فلسطینی بچوں کو امدادی خوراک سے محروم رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہسپانوی نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسرائیل نے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں۔ روس کے یوکرین اور اسرائیل کے غزہ پر حملے کا تقابل کرتے ہوئے ہسپانوی نائب وزیراعظم کہا کہ جب روس پر سخت پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں تو اسرائیل کے خلاف ایسا کیوں نہیں کیا جاسکتا؟ انھوں نے سوال اُٹھایا کہ کیا یہ دونوں معاملات ایک جیسے نہیں ہیں؟ غزہ کی صورتحال کو بھی یوکرین جیسا ہی معاملہ سمجھا جانا چاہیے اور یورپی ممالک کو یکساں اصول اپنانے چاہئیں۔ انھوں نے شکوہ کیا کہ اسرائیل نے نہ صرف بین الاقوامی قوانین توڑے بلکہ یورپی قیادت نے اس سنگین صورتحال کو نظرانداز بھی کیا۔ یولنزا ڈیاز نے مزید کہا کہ اسرائیلی کی ان خلاف ورزیوں پر یورپی یونین کو فوری طور پر اس کے ساتھ تمام تر تعلقات ختم کر دینا چاہئیں۔ ہسپانوی نائب وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری، بالخصوص یورپ، کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کے معاہدے اور تعلقات ختم کردیے جائیں۔ ہسپانوی نائب وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں لوگ غزہ کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں اور یورپ میں بھی بڑی تعداد میں عوام سڑکوں پر نکل کر احتجاج کر رہی ہے لیکن یورپی عوام اور یورپی کمیشن کی پالیسیوں میں واضح فرق دکھائی دیتا ہے۔ خیال رہے کہ اسپین نے حال ہی میں صمود فلوٹیلا کو روکنے پر اسرائیلی سفارتکار کو طلب کرکے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل