Monday, July 01, 2024
 

بائیڈن کا مباحثے میں خراب کارکردگی کا اعتراف، ٹرمپ کو ہرانے کیلیے پرعزم

 



  واشنگٹن: امریکا کے صدر جو بائیڈن نے صدارتی الیکشن کے سلسلے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اپنی خراب کارکردگی کا اعتراف کرلیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ نومبر میں ہونے والے انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ہرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ بائیڈن نے پہلے صدارتی مباحثے میں خراب کارکردگی کے باوجود صدارتی انتخابات کی دوڑ سے باہر ہونے کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔ بائیڈن کی مباحثے میں کمزور کارکردگی پر ان کی اپنی جماعت میں مایوسی پائی جاتی ہے۔

ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے 81 سالہ امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ صاف ظاہر ہے کہ میں جوان آدمی نہیں ہوں اور اب آسانی سے بول اور چل نہیں سکتا۔ اس طرح بحث بھی نہیں کرسکتا جیسے کیا کرتا تھا تاہم مجھے سچ بولنا اور اپنا کام کرنا آتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ ناکام ہوتے ہیں تو واپس کھڑے بھی ہوتے ہیں۔ میں دوبارہ الیکشن میں حصہ نہ لیتا اگر میں دل و جان سے یہ یقین نہ رکھتا کہ میں بطور صدر اپنا کام کر سکتا ہوں۔ جمعے کو ہونے والے پہلے صدارتی مباحثے میں جو بائیڈن اپنے حریف کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ معیشت اور امیگریشن سمیت ہر موضوع پر جھوٹے اور گمراہ کن بیانات دیتے رہے۔ مباحثے کے دوران بائیڈن کے جوابات واضح نہیں تھے اور وہ ہکلاہٹ کا بھی شکار رہے جس کے بعد ووٹرز میں ان کی عمر اور فٹنس کے حوالے سے سوالات پیدا ہوئے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل