Loading
لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ مختلف جھڑپوں میں 3 اسرائیلی فوج ہلاک اور 3 شدید زخمی ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے ایک تاریخی مقام پر اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے دوران اسرائیلی فوج کے 2 سینیئر افسران اور اہلکاروں کے ساتھ ایک 71 سالہ شخص بھی وردی پہنے تباہ حال عمارت میں داخل ہوئے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کے بقول عمارت کے اندر حزب اللہ کے 2 سے زائد جنگجو چھپے ہوئے تھے جنھوں نے چھاپا مار ٹیم پر فائرنگ کردی۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں اہلکار 20 سالہ گور کیہاٹی سمیت 71 سالہ شخص بھی ہلاک ہوگیا جب کہ 2 سینیئر افسران زخمی ہیں۔ جن کی حالت تشویشناک ہے۔ 71 سالہ اسرائیلی شہری کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ ایک ماہر آثار قدیمہ ہیں اور محقق کے طور پر لبنان میں تباہ ہونے والی عمارتوں کو دیکھنے آئے تھے۔ اس بات کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ 71 سالہ شہری زیف ایرلچ بغیر اجازت کیسے لبنان میں داخل ہوئے تھے اور کیوں فوجی وردی پہنے ہوئے تھے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ گولانی بریگیڈ کے چیف آف سٹاف کرنل یوو یاروم نے اسرائیلی محقق زیف ایرلچ کو جنوبی لبنان کے مغربی سیکٹر میں ایک آثار قدیمہ کے مقام کا جائزہ لینے کے لیے داخل ہونے کی اجازت دی تھی۔ جنوبی لبنان میں ایک الگ واقعے میں بھی اسرائیلی فوج کا ایک اہلکار اُس وقت مارا گیا جب فوجی ٹیم تباہ حال عمارت میں داخل ہوئی۔ عین اسی وقت عمارت زمین بوس ہوگئی۔ اس واقعے میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔ یاد رہے کہ ستمبر میں اسرائیل کی برّی فوج لبنان میں داخل ہوئی تھی جس کے بعد سے حزب اللہ کے ساتھ دوبدو جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 55 ہوگئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل