Loading
خیبرپختونخوا حکومت کا صوبے میں پہلی بار کینسر کے مریضوں کے لئے سائبر نائف اور پی ای ٹی اسکین سہولت کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سائبر نائف روبوٹک ریڈیو سرجری اور پی ای ٹی/سی ٹی اسکین کی سہولت حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کو فراہم کی جائے گی۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا میں پٹ اسکین کی سہولت موجود نہ ہونے سے کینسر کے مریضوں کو کراچی و دیگر صوبوں میں علاج کے لئے جانا پڑتا تھا۔ صوبائی مشیر صحت احتشام علی کا کہنا تھا کہ منصوبے کیلئے کمپنیوں سے پہلے ہی پروپوزل طلب کرلئے گئے ہیں۔ یہ تاریخی اقدام صوبے میں کینسر کے علاج کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز اور برسوں سے موجود بڑے خلا کو پُر کرے گا احتشام علی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے کینسر کے مریضوں کو تشخیص اور علاج کے لیے صوبے سے باہر دیگر شہروں کا رُخ نہیں کرنا پڑے گا۔ ہر سال صوبے میں گیارہ ہزار سات سو سے زائد نئے کینسر کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، ایسے میں یہ سہولت نہایت بروقت اور زندگی بچانے والا اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائبر نائف سسٹم پیچیدہ اور ناقابلِ آپریشن ٹیومرز کے لیے غیر جراحی اور انتہائی درستگی کے ساتھ ریڈیو سرجری فراہم کرے گا۔ پی ای ٹی/سی ٹی اسکین کینسر کی بروقت تشخیص، درست اسٹیجنگ اور مریض کے لیے موزوں علاج کی منصوبہ بندی کو ممکن بنائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل