Loading
وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کیئر ڈیوائسز کی رجسٹریشن کا عمل ڈیجیٹلائزڈ کر دیا گیا ہے، اب یہ صرف 20 دن میں مکمل ہوگا جبکہ اب تک 500 کیسز نمٹائے جا چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں منعقدہ ہیلتھ کیئر ڈیوائس ایسوسی ایشن (ایچ ڈی اے پی) کے آٹھویں سالانہ جنرل پروگرام کے موقع پر کیا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان عجیب ملک ہے، قدرت کے کرشموں پر حیران رہ جاتا ہوں۔ ایک ہی ملک میں الگ الگ ڈائنامکس موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیلتھ کیئر سروسز فری فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ملکی حالات اور چیلنجز کے باوجود پاک افواج نے ہر مشکل وقت میں بہترین کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے موٹروے پولیس اور روایتی پولیس اسٹیشنوں کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی ملک میں دو ادارے مختلف طرز پر چلائے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میڈیکل ڈیوائسز کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کردیا گیا ہے،پہلے رجسٹریشن کے لیے مہینوں لگ جاتے تھے، اب صرف 20 دن میں یہ کام مکمل ہوجاتا ہے اور تمام نظام ڈیجیٹلائزڈ کر دیا گیا ہے، جس سے میرٹ پر فیصلے ممکن ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 500 کیسز نمٹائے جاچکے ہیں اور تمام مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نام روشن کرنے والی چیزوں میں انویسٹمنٹ ہونی چاہیے ،ہمیں ہر میدان میں نمبر ون ہونا ہے، ماحول اور صلاحیت موجود ہے۔ ہم ایسے افراد کی مدد کریں گے تاکہ پاکستان ترقی کرے۔ وزیرِ صحت نے مزید کہا کہ لوکل وینٹی لیٹر تیار کرکے ملک نے اہم پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ کو ہائی وے پولیس کی طرح مؤثر بنانا ہے، سپورٹ اور سہولت دینا ہماری ذمہ داری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل