Loading
ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ حسبِ روایت محفل کا انعقاد امریکہ میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کی اہلیہ لبنیٰ رضوان کی جانب سے کیا گیا۔ درودو سلام اور شانِ نبی ﷺ میں نعت و کلام پر مبنی اس بابرکت محفل میں امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں لبنیٰ رضوان نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کے موقع پر پاکستانی سفارت خانے میں ایسی بابرکت محفل کا انعقاد نہ صرف ہمیں آنحضورﷺ کی شان ِاقدس میں درود و سلام پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ آپ ﷺ کی ذاتِ اقدس کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی سعادت بھی عطا کرتا ہے تاکہ ہم اپنی روز مرہ کی زندگیوں کو ان سنہری اصولوں کے مطابق ڈھال سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی اس مبارک محفل میں ہم اس سال مئی کے مہینے میں اللہ تعالی اور اس کے رسول ﷺ کی خاص مہربانی سے حاصل ہونے والی معرکہ حق میں فتح پر بھی شکر ادا کرتے ہیں کہ ہمارے جوانوں کو کامیابی عطا کی۔ اس موقع پر زہرا نورانی، راحیلہ فردوس، الماس آصف، انیلہ، عظمیٰ ولی، نیئر نقوی، تسنیم رئیس، تہمینہ علی اور طیبہ نے آنحضور ﷺ کی شان میں کلام پیش کیے۔ محفل کا اختتام وطن عزیز کی سربلندی اور حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے خصوصی دعا پر کیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل