Friday, February 20, 2026
 

اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن

 



رمضان المبارک کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف وفاقی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں بڑا مشترکہ کریک ڈاؤن کیا گیا، جس میں دو ہزار سے زائد اہلکار متحرک رہے۔ حکام کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں پولیس، پاکستان رینجرز، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور انٹیلیجنس اداروں نے مشترکہ سرچ اور کومبنگ آپریشنز کیے، جبکہ مساجد کی سیکیورٹی بھی سخت رکھی گئی۔ حکام نے واضح مؤقف اختیار کیا کہ ریاستی رٹ کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور قانون کے مطابق قیام رکھنے والے افراد کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقے دینہ میں رات گئے مشترکہ کومبنگ آپریشن کے دوران 25 گھروں کی تلاشی لی گئی، 62 افراد کی چیکنگ اور 18 رہائشیوں کی مکمل پروفائلنگ کی گئی۔ اسلام آباد کے علاقے ترنول میں درجنوں مقامات کی چھان بین جبکہ اٹک میں پانچ مختلف مقامات پر بیک وقت سرچ آپریشن کیا گیا۔ چکوال میں 47 گھروں، دکانوں اور گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 98 افراد کی دستاویزات چیک کی گئیں، جبکہ آپریشن میں لیڈی پولیس اہلکار بھی شریک رہیں۔ اس کے علاوہ مری میں بھی رمضان کے دوران نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔   سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ سرچ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے اور غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل