Loading
شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں شہریوں سے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈاکو نے فائرنگ کر کے اپنے ہی ساتھی کو ماردیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک شہری جاں بحق اورایک شہری زخمی ہوگیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمی آپس میں رشتے دار ہیں جبکہ ہلاک ڈاکو کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ایس ایچ او سولجر بازار وقارعظیم نے بتایا کہ سولجر بازار اشو اپارٹمنٹ نزدیک جماعت خانہ کے قریب دو مسلح ملزمان دو شہریوں سے لوٹ مار کرریے تھے کہ شہریوں نے مزاحمت کردی اس دوران ایک ڈاکو نے فائرنگ کردی. ڈاکو کی فائرنگ سے اس کا ایک ساتھی ڈاکو مارا گیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر دونوں شہری بھی زخمی ہوگئے، زخمی شہریوں کو طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمی ہونے والا 33 سالہ شہری طاہر ولد میر الیاس دوران علاج دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والے شہری کے دوست شاہ زیب نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی دونوں آپس میں رشتے دار ییں، دونوں کزنز پاکولا مسجد سولجر بازار کے رہائشی ہیں اور ان کا آبائی تعلق تربت بلوچستان سے ہے، یہ درآمدات اور برآمدات کا کام کرتے ہیں۔ جبکہ دوسرے زخمی شہری کی شناخت صدام کے نام سے ہوئی ، ہلاک ڈاکو کی شناخت عبداللہ سے ہوئی۔ ایس ایچ او سولجر بازار کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا شہری طاہر شادی شدہ تھا اور یہ اپنے کزن کے ہمراہ دو کزن دوستوں کے پاس جارہے تھے کہ جماعت خانہ کے پا اس سے لوٹ مار کا واقعہ پیش اایا۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس اس واقعہ کی مزید تحقیقات کررہی ہے، جاں بحق شہری کی میت چھیپا سرد خانے منتقل کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر رواں سال کی جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل