Loading
جواں سالہ لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا کر پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ڈولفن پولیس کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے رائیونڈ میں جواں سالہ لڑکی کے اغوا کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ڈولفن ٹیم کو رائیونڈ کے نواحی علاقے سے 14 سالہ صنم کے اغوا کی کال موصول ہوئی تھی، جس پر ڈولفن ٹیم فوری طور پر متاثرہ خاندان کے پاس پہنچی اور تفصیلات حاصل کیں۔ اطلاعات کے مطابق ملزمان نے بچی کو صبح 4 بجے گھر سے اغوا کیا تھا۔ ڈولفن ٹیم نے دونوں ملزمان کو انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے ٹریس کیا اور بچی کو بازیاب کروایا۔ ملزمان نے بچی کو اغوا کرنے کے بعد قریبی بوسیدہ مکان میں بند کیا ہوا تھا۔ ترجمان ڈولفن پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سعید، دلبر کا تعلق اندرون سندھ سے ہے جب کہ متاثرہ لڑکی صنم رائیونڈ کے نواحی علاقے کی رہائشی ہے، جسے بہ حفاظت والدین کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرنے کے بعد قانونی کارروائی کے لیے تھانہ رائیونڈ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل