Loading
جنوبی بھارتی اداکارہ رانیہ راؤ نے محکمہ ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کے اہلکاروں پر دورانِ تفتیش ہراسانی اور تضحیک کا الزام عائد کیا ہے۔ رانیہ راؤ کو دبئی سے سونا اسمگل کرنے کے الزام میں بینگلور ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالتی سماعت کے دوران رانیہ راؤ نے دعویٰ کیا کہ تفتیش کے دوران انہیں دھمکایا اور ہراساں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ سوالات کے جواب نہ دیتیں تو اہلکار انہیں دھمکاتے اور کہتے کہ 'تمہیں پتہ ہے اگر تم نے نہ بولا تو کیا ہوگا'۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں جسمانی طور پر نقصان نہیں پہنچایا گیا لیکن زبانی بدسلوکی کی گئی جس سے انہیں شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ڈی آر آئی اہلکاروں کی جانب سے رانیہ راؤ کے ساتھ کوئی بدسلوکی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ رانیہ راؤ دورانِ تفتیش سوالات کا جواب دینے سے انکار کرتی رہیں اور ہر بار خاموش رہتی تھیں۔ تفتیشی افسر کے مطابق رانیہ راؤ کو شواہد دکھانے اور مخصوص سوالات کرنے کے باوجود بھی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی رانیہ راؤ عدالت میں داخل ہوئیں، ان کے وکیل نے انہیں ہدایات دی تھیں کہ کیا کہنا ہے۔ ان بیانات کے بعد جج نے رانیہ راؤ کے وکلاء سے سوال کیا کہ کیا وہ ان کے بیانات پر اثر انداز ہو رہے ہیں؟ عدالتی کارروائی جاری ہے اور مزید تحقیقات کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل