Wednesday, March 12, 2025
 

محکمہ داخلہ پنجاب کی اسکولوں میں گڈ ٹچ بیڈ ٹچ کی تعلیم دینے کی سفارش

 



محکمہ داخلہ پنجاب نے اسکولوں کے نصاب میں "گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ" کے بارے میں آگاہی شامل کرنے کی سفارش کردی۔  اس حوالے سے محکمہ داخلہ نے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بچوں کو ذاتی حفاظت اور جسمانی حدود کے بارے میں آگاہی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔   محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی جماعتوں کے نصاب میں "گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ" کے بارے میں معلومات شامل کرنے سے بچوں میں شعور پیدا ہوگا جس سے وہ نامناسب رویے کو پہچان سکیں گے اور بروقت رپورٹ کر سکیں گے۔ والدین اور اساتذہ کو بھی یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ بچوں کو سکھائیں کہ گھر اور باہر کسی بھی نامناسب رویے کو کس طرح رپورٹ کرنا ہے، تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق جنسی استحصال کا شکار ہونے والے بچے زندگی بھر نفسیاتی صدمے میں مبتلا رہ سکتے ہیں اس لیے انہیں ابتدائی عمر سے ہی درست تعلیم دینا ضروری ہے۔ درست معلومات اور بروقت آگاہی ملنے کے بعد بچے نہ صرف کسی بھی نامناسب رویے کو پہچان سکیں گے بلکہ اس بارے میں بڑوں کو آگاہ بھی کر سکیں گے۔   محکمہ داخلہ پنجاب چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے ذریعے بھی بچوں کے تحفظ کے لیے آگاہی مہم تیار کر رہا ہے، جس کے تحت بچوں کو "گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ" کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا۔  ترجمان محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ نسلوں کو محفوظ بنانے کے لیے فوری حکمت عملی مرتب کی جائے، بچوں کے نصاب میں "گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ" کے حوالے سے ماڈیول شامل کرنا ایک مؤثر اقدام ہے، جو بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل