Thursday, June 05, 2025
 

حسن نواز اور محمد حارث کی انٹرنیشنل کرکٹ میں  شاندار کارکردگی

 



نوجوان بلے باز حسن نواز اور وکٹ کیپر محمد حارث نے انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی سے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔ حسن نواز کا ٹیلنٹ مختصر سے وقت میں سامنے آیا ہے۔ اس سال مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انہوں نے صرف 44 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔ محمد حارث نے بنگلہ دیش کے خلاف لاہور کے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 45 گیندوں پر سنچری بنائی۔  دونوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں اوپن کیا تھا اور 74 رنز بناکر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاور پلے کا پاکستان کا نو سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔ حسن نواز پاکستان کی طرف سے کھیلتے ہوئے ابتک صرف 118 گیندوں پر227 رنز بنا چکے ہیں جن میں 16  چوکے اور 16 چھکے شامل ہیں۔ محمد حارث 17 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 21 چھکوں اور 33 چوکوں کی مدد سے 370 رنز بنا چکے ہیں۔ محمد حارث نے 2022 میں انگلینڈ کے خلاف اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کا آغاز رچرڈ گلیسن کو چھکے کے ساتھ کیا تھا۔ محمد حارث نے  فخرزمان کی غیرموجودگی میں 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف سڈنی میں  میچ کھیلا تھا اور ربادا کو لگاتار چھکوں کے علاوہ ایک چوکا بھی مارا تھا۔ اس اننگز میں انہوں نے 11 گیندوں پر 28 رنز اسکور کیے تھے۔ بنگلہ دیش اور  نیوزی لینڈ کے خلاف اگلے میچوں میں انہوں نے 31 اور 30  رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی تھیں۔ ٹی ٹوئنٹی کے مجموعی مقابلوں  میں حارث کا اسٹرائیک ریٹ  147  سے زیادہ ہے۔ محمد حارث کی قیادت میں اسٹالیئنز نے چیمپئنز کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ جیتا اور بیٹنگ میں بھی شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے تین نصف سنچریوں کی مدد سے 269  رنز بنائے۔ محمد حارث نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں بھی زلمی کی طرف سے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 247 رنز بنائے جن میں 28 چوکے اور11 چھکے شامل تھے۔ حسن نواز کے لیے 25-2024  کا سیزن شاندار رہا ہے۔ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے سیمی فائنل اور فائنل کھیلنے کے علاوہ  انہوں نے قائداعظم ٹرافی کی پانچ اننگز میں 273  رنز اسکور کیے جس میں  لاڑکانہ کے خلاف 169  رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی۔ حسن نواز ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز کپ میں نورپور لائنز کی طرف سے 312  رنز بناکر دوسرے نمبر پر رہے۔  حسن نواز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے پاور ہٹنگ کا زبردست مظاہرہ کیا اور30  چوکے اور17  چھکے مارے۔ وہ ایک سنچری اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 399  رنز بناکر بہترین بیٹر  اور  پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے تھے۔ حسن نواز اس سال پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاور اسٹرائیک فورس کیمپ کا بھی حصہ تھے۔ حسن نواز نے 24-2023  کے سیزن میں بھی اسلام آباد ریجن کی طرف سے شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے نان فرسٹ کلاس  کرکٹ ٹورنامنٹ میں 530  رنز بنانے کے علاوہ ون ڈے ٹورنامنٹ میں بھی 229  رنز بنائے تھے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل