Loading
ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز ٹی 20 لیگ کا دوسرا سیزن جولائی اور اگست میں انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں ایجبسٹن کے تاریخی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ افتتاحی میچ 18 جولائی کو پاکستان چیمپیئنز اور انگلینڈ چیمپیئنز کے درمیان ہوگا، پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 20 جولائی کو ایجبسٹن میں ہی کھیلا جائے گا۔ پچھلے سال کھیلے گئے پہلے ایڈیشن میں پاکستان چیمپیئنز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیگ مرحلے میں آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، بھارت اور انگلینڈ جیسی ٹیموں کو شکست دی تھی تاہم فائنل میں بھارت کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بھارت نے 157 رنز کا ہدف 19.1 اوورز میں حاصل کر لیا تھا۔ پہلے ایڈیشن میں پاکستان کی قیادت یونس خان نے کی تھی جبکہ ٹیم میں شاہد آفریدی، شعیب ملک، مصباح الحق، عبدالرزاق، سرفراز احمد، کامران اکمل، وہاب ریاض، سعید اجمل اور سہیل تنویر جیسے سابق اسٹارز شامل تھے۔ پاکستان نے لیگ مرحلے میں بھارت کے خلاف چار وکٹوں پر 243 رنز بنائے تھے اور 68 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔ پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے ایڈیشن کے ممکنہ اسکواڈ میں یونس خان (کپتان)، شعیب ملک، صہیب مقصود، مصباح الحق، شرجیل خان، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، شاہد آفریدی، کامران اکمل (وکٹ کیپر)، آصف علی، عبدالرزاق، عامر یامین، وہاب ریاض، سعید اجمل، سہیل تنویر اور سہیل خان شامل ہوسکتے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں شامل 6 ٹیموں میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا لیگ مرحلہ 29 جولائی تک جاری رہے گا، 31 جولائی کو دونوں سیمی فائنلز ایجبسٹن میں ہی منعقد ہوں گے جبکہ فائنل 2 اگست کو کھیلا جائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل