Loading
لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سسٹم موجود ہے تاہم بادل نہ برسنے سے شہر میں گرمی اور شدید حبس کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں کہیں ہلکی اور کہیں زیادہ بارش کا امکان ہے، لاہور میں دن کے وقت قدرے ہلکی جبکہ رات کے وقت تیز بارش کا امکان ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 26 جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ممکنہ بارش کے پیش نظر ایم ڈی واسا نے آپریشنل اسٹاف کو الرٹ رہنے کی ہدایات کر دی۔ ایم ڈی واسا کے مطابق بارشی پانی کی نکاس آب کے لیے آپریشنل اسٹاف فیلڈ میں رہے گا۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں سے متعلق پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لیہ کروڑ میں سب سے زیادہ بارش 37 ملی لیٹر ریکارڈ کی گئی۔ کوٹ ادو میں 31، ڈیرہ غازی خان 29، بھکر 23، میانوالی 8، لاہور 07 اور نارووال میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ قصور میں 03، منڈی بہاءالدین میں 02 جبکہ ملتان میں 1 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ ہوئی۔ سیالکوٹ، منگلا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، بہاولنگر، ساہیوال، بہاولپور اور گجرانوالہ میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، آنئد 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید مون سون بارشیں متوقع ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، کچے مکانات اور خستہ عمارتوں میں ہر گز رہائش نہ رکھیں۔ بارش کے دوران گاڑی کی رفتار آہستہ رکھیں اور مناسب فاصلے پر رہیں۔ ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل