Loading
شہر قائد کے علاقے شرافی گوٹھ ملیر ندی کے قریب سڑک پر ڈرم سے ملنے والی خاتون کی لاش کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم پولیس نے تحقیقات جاری رکھی ہوئی ہیں۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ملیر نے شرافی گوٹھ ملیر ندی کے قریب سڑک پر ڈرم سے ملنے والی خاتون کی لاش کے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور اس حوالے سے پولیس و دیگر افراد سے معلومات بھی حاصل کیں۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ملیر ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ پلاسٹک کے ڈرم سے ملنے والی خاتون کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے جبکہ لاش 8 سے 10 دن پرانی بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے مذکورہ مقام سے ملحقہ آبادی میں بھی پتہ کرایا ہے لیکن لوگوں نے مقتولہ خاتون کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے جبکہ شرافی گوٹھ پولیس نے شہر بھر کے تھانوں کو بھی کسی خاتون کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کیے جانے کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی ہے لیکن کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ انھوں ںے بتایا کہ مقتولہ کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی جبکہ لاش پرانی ہونے کی وجہ سے بائیو میٹرک میں مشکلات آرہی ہے تاہم نادرا حکام سے ان کے ریکارڈ کی مدد سے خاتون کی شناخت کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ پولیس کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کا بھی انتظار ہے جس کے آنے کے بعد ہی وجہ موت سمیت دیگر معاملات کا تعین ہو سکے گا۔ کرائم سین یونٹ کی جانب سے دستیاب شواہد حاصل کیے گئے اور ان کی سربراہی میں مشترکہ تفتیشی ٹیم ٹیمیں واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہیں اور جلد اس اندھے قتل کا معمہ حل کرلیا جائیگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل