Tuesday, July 22, 2025
 

لیجنڈز لیگ: پاک بھارت فائنل پر کیا ہوگا؟ سوال منتظر

 



ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاک بھارت چیمپئنز ٹیموں کا میچ کی منسوخی سے نیا بحران ہو گیا، اگر دونوں ٹیمیں سیمی فائنل یا فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی تو کیا ہوگا؟ ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان اور بھارت چیمپئنز کا ہائی وولٹیج میچ اس وقت منسوخ کر دیا گیا جب کئی بھارتی کھلاڑیوں نے موجودہ سیاسی کشیدگی کے باعث میدان میں اترنے سے انکار کر دیا۔ میچ کی منسوخی کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا، اس کے ساتھ ہی منتظمین کواہم سوال کا سامنا ہے کہ اگر دونوں ٹیمیں سیمی فائنل یا فائنل میں آمنے سامنے آئیں تو کیا ہوگا؟ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں بھارت اور پاکستان دونوں ہی مضبوط ترین ٹیمیں تصور کی جا رہی ہیں، دونوں ٹیمیں سیمی فائنل اور ممکنہ طور پر فائنل تک رسائی حاصل کرلیں گی۔  موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مستقبل میں بھی پاک بھارت میچ کا انعقاد نہایت مشکل ہوگا، ماہرین کے مطابق اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں تو یا تو میچ کو موخر کردیا جائے گا یا پھر ممکنہ طور پر منسوخ کرکے دونوں ٹیموں کو مشترکہ چیمپئن قرار دے دیا جائے گا۔ اگر سیمی فائنل میں مقابلہ منسوخ کیا گیا تو امکان ہے کہ گروپ اسٹیج میں بہتر پوزیشن پر موجود ٹیم کو فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ دوسری جانب میچ کی منسوخی پر شاہد آفریدی نے شدید ردعمل دیا، انہوں نے کہا کہ ہم یہاں صرف کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، سیاست کو کھیل سے الگ رکھنا چاہیے، ایک کھلاڑی کو تعصب کی علامت بننے کے بجائے اپنے ملک کا سفیر ہونا چاہیے۔ انہوں نے بھارتی کھلاڑیوں کے رویے کو غیر پیشہ ورانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کھیلنا نہیں تھا تو پہلے ہی آگاہ کر دیتے، پریکٹس سیشنز میں شرکت کے بعد میچ سے انکار غیر سنجیدہ عمل ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل