Sunday, July 27, 2025
 

شاداب کے انتظار میں نائب کپتان کی پوسٹ ختم

 



شاداب خان کے انتظار میں نائب کپتان کی پوسٹ ہی ختم ہوگئی، دورہ بنگلا دیش کے بعد ویسٹ انڈیز سے سیریز کیلیے بھی کپتان سلمان علی آغا کا کوئی نائب مقرر نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ کوچ مائیک ہیسن کا ہے، وہ سینیئر آل راؤنڈر کی واپسی کے منتظر ہیں، دوسری جانب ایک ’’بااثر‘‘ سلیکٹر تو شاداب کی ٹیم میں شمولیت کے ہی سخت مخالف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مائیک ہیسن اور شاداب خان کوچ اور کپتان کی حیثیت سے ایک ہی پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائٹیڈ میں شامل رہے ہیں، اس دوران ان کی اچھی انڈر اسٹینڈنگ ہوگئی، کوچ کو آل راؤنڈر کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے، وہ انھیں اچھا ٹیم مین بھی سمجھتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ دورہ بنگلا دیش کے لیے نائب کپتان کی تقرری نہ کرنے کا کوچ مائیک ہیسن نے کہا تھا، وہ شاداب خان کی واپسی کا انتظار کر رہے ہیں جو جلد ہوتی نظر نہیں آتی، ویسٹ انڈیز سے سیریز کے لیے بھی سلمان علی آغا کے کسی نائب کا اعلان نہیں ہوا، ون ڈے اسکواڈ میں محمد رضوان کے نائب سلمان ہی ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ایک ’’بااثر سلیکٹر‘‘ تو شاداب خان کی ٹیم میں ہی شمولیت کے شدید مخالف ہیں، گزشتہ دنوں ایک میٹنگ میں ان کا کہنا تھا کہ سینئر آل راؤنڈر کا ٹیم میں آنا ہی غلط تھا، نائب کپتان تو بالکل نہیں بنانا چاہیے، ان کے مطابق سلمان علی آغا غیر سیاسی کرکٹر اور صرف اپنے کام پر توجہ دیتے ہیں۔ شاداب گو کہ نائب کپتان تھے لیکن فیلڈ میں قیادت بھی کرتے نظر آئے، وہ اپنا بیٹنگ آرڈر بھی خود تبدیل کر لیا کرتے تھے، بعض اوقات وہ کسی مخصوص پلیئر کو ٹیم میں شامل کرانے کے لیے بھی زور ڈالتے، اسلام آباد یونائیٹڈ کی وجہ سے ان کے ہیسن سے اچھے مراسم ہیں، وہ اس کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ تک شاداب خان کے فٹ ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ،ممکنہ طور پر وہ اکتوبر میں واپس لوٹیں گے، ابھی یہ واضح نہیں کہ میگا ایونٹ میں کسی نائب کپتان کا تقرر ہوگا یا نہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل