Loading
چین کے ایک اہم خلائی مرکز شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستان کا نیا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں بھیجنے پر چین کے سفارت خانے نے پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دی ہے۔ چین کے سفارت خانے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ہم پاکستان کے نئے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچ پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ یہ سیٹلائٹ ہمارے آہنی بھائی کی زمین سے متعلق وسائل کے سروے اور آفات سے بچاؤ و تخفیف کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ سیٹلائٹ پاکستان کے اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن(سپارکو) کے زیر انتظام ہے اور اس کا مقصد ملک میں زراعت، شہری منصوبہ بندی، بنیادی ڈھانچے کی نگرانی اور قدرتی آفات جیسے سیلاب، زلزلے اور لینڈ سلائیڈنگ کی پیشگی اور مؤثر اطلاع دینا ہے۔ چینی سفارت خانے بتایا کہ یہ پاکستان کا دوسرا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ ہے، اس سے قبل پہلا سیٹلائٹ PRSS-1 جولائی 2018 میں چین کے جیوکوان لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا تھا۔ چینی سفارت خانے کا بیان پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون میں نئی جہت کی نشان دہی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان "آہنی بھائی چارے" کا مظہر ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ سیٹلائٹ نہ صرف پاکستان کی سائنسی صلاحیتوں کو فروغ دے گا بلکہ خطے میں موسمیاتی تغیر، زرعی ترقی اور قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل