Loading
جولائی 2025 کے دوران سیمنٹ کی فروخت میں 30.13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور مجموعی طور پر 3.997 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت ہوئی جبکہ جولائی 2024 میں 3.071 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی گئی تھی۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 کے دوران مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت 2.988 ملین ٹن رہی، یہ حجم جولائی 2024 کے 2.524 ملین ٹن کے مقابلے میں 18.40 فیصد زیادہ ہیں۔ اعداد وشمار کے مطابق جولائی 2025کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں بھی زبردست 84.21 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جو جولائی 2024 میں 0.547 ملین ٹن کی ایکسپورٹ سے بڑھ کر جولائی 2025 میں 1.008 ملین ٹن تک پہنچ گیا۔ جولائی 2025 میں شمالی علاقوں میں قائم سیمنٹ فیکٹریوں نے 2.650 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت کی، جو جولائی 2024 کے 2.253 ملین ٹن کے مقابلے میں 17.61 فیصد زیادہ ہے، جنوبی علاقوں کی فیکٹریوں نے جولائی 2025 کے دوران 1.35 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی جو جولائی 2024 کے 0.818 ملین ٹن کے مقابلے میں 64.64 فیصد زیادہ ہے۔ شمالی علاقوں کی فیکٹریوں نے جولائی 2025 میں مقامی مارکیٹ میں 2.419 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی جو جولائی 2024 کے 2.154 ملین ٹن کے مقابلے میں 12.26 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتی ہے، جنوبی علاقوں کی فیکٹریوں نے جولائی 2025 کے دوران مقامی مارکیٹ میں 569,954 ٹن سیمنٹ فروخت کی جو جولائی 2024 کے 369,557 ٹن کے مقابلے میں 54.23 فیصد زیادہ ہے۔ شمالی علاقوں سے سیمنٹ کی برآمدات میں 133.96 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا، جو جولائی 2024 میں 99,020 ٹن سے بڑھ کر جولائی 2025 میں 231,665 ٹن ہو گئیں، اسی طرح، جنوبی علاقوں سے برآمدات میں بھی 73.22 فیصد اضافہ ہوا، جو جولائی 2024 میں 448,242 ٹن سے بڑھ کر جولائی 2025 میں 776,459 ٹن ہوگئیں۔ ترجمان آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں خراب موسمی حالات کے باوجود سیمنٹ انڈسٹری کے لیے نیا مالی سال مثبت انداز میں شروع ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے مہینوں میں ملکی معاشی اشاریوں میں بہتری کے ساتھ سیمنٹ انڈسٹری میں بھی مثبت رفتار دیکھی جائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل