Sunday, August 03, 2025
 

آسٹریلیا کے متعدد علاقوں میں دہائیوں بعد غیرمعمولی برف باری

 



آسٹریلیا کے مشرقی علاقے میں واقع کئی قصبوں میں دہائیوں بعد غیرمعمولی برف باری سے علاقے نے سفید چادر تان لی ہے اور کئی حادثات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ مشرقی آسٹریلیا کے کئی علاقوں میں دہائیوں بعد برف کی موٹی تہہ نے ڈھانپ لیا ہے جبکہ رواں ہفتے علاقے میں بارش سے بدترین سیلاب آیا، گاڑیاں پھنسی رہیں اور بجلی منقطع ہونے سے سیکڑوں گھر متاثر ہوئے۔ آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات کے میٹرولوجسٹ میریام برانڈبری نے بتایا کہ نیو ساؤتھ ویلز کے متعدد علاقوں میں ہفتے کو 16 انچ برف پڑی ہے، جو 1980 کے وسط کے بعد سب سے زیادہ برف باری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پڑوسی ریاست کوئنزلینڈ میں بھی 10 سال بعد برف باری ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی نے آسٹریلیا میں حالیہ برسوں میں موسم کو مزید خراب کردیا ہے لیکن اس طرح کے واقعات تاریخ کے ریکارڈ میں متعدد مرتبہ پیش آچکے ہیں۔   میریام برانڈبری نے کہا کہ اس برف باری کی غیرمعمولی بات ہے جمنے والی برف کی مقدار ہے اور اسی طرح وسیع علاقے میں پڑی ہے، جس سے شمالی علاقوں کے اکثر حصے لپیٹ میں آگئے ہیں۔ ریاست نیوساؤتھ ویلز کی ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ کئی علاقوں میں تیز بارش ہوئی ہے اور اب تک ایک ہزار 445 سے زائد حادثات رپورٹ ہوئے ہیں، برف میں 100 سے زائد گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں، آندھی سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ایمرجنسی سروس نے بیان میں کہا کہ اب تک سیلاب کے کئی الرٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔ آسٹریلیا کے سرکاری نشریاتی ادارے نے رپورٹ کیا کہ سیکڑوں گھروں میں رات بھر بجلی منقطع رہی ہے۔ آسٹریلیا کی گنجان آباد ریاست نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس نے بتایا کہ ہفتے کی رات کو سیلاب میں ایک کار پھنس گئی تھی اور اس میں سوار 20 سالہ لڑکی بہہ گئی ہے، جس کی تلاش تاحال جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل