Loading
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) کے مالک نے لائیو انٹرویو میں اینکر کو شادی کی پیشکش کردی۔ یہ غیر معمولی واقعہ پاکستان چیمپئنز اور جنوبی افریقا چیمپئنز کے درمیان ہونے والے فائنل میچ کے بعد پیش آیا، جب لیگ کے مالک ہرشت تومر نے براہِ راست نشریات کے دوران میزبان کرشمہ کوٹک کو شادی کی پیشکش کرنے کا عندیہ دے دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب کرشمہ کوٹک نے ہرشت تومر سے سوال کیا کہ وہ ٹورنامنٹ کی کامیابی کا جشن کس طرح منائیں گے؟ جواب میں ہرشت نے ہنستے ہوئے کہا "جیسے ہی یہ سب ختم ہوتا ہے، میں آپ کو پرپوز کرنے والا ہوں۔" کرشمہ کوٹک یہ سن کر کچھ لمحے کے لیے حیران رہ گئیں اور بس اتنا کہہ سکیں، "اوہ مائی گاڈ!" تاہم انہوں نے فوراً خود کو سنبھالا اور پیشہ ورانہ انداز میں دوبارہ اپنی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ ہو گئیں۔ یہ دلچسپ لمحہ کیمرے کی آنکھ میں قید ہو گیا اور سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیا، جہاں صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔ دوسری جانب فائنل میں جنوبی افریقہ چیمپئنز نے پاکستان چیمپئنز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اے بی ڈی ویلیئرز نے 60 گیندوں پر 120 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ اس سے قبل پاکستان چیمپئنز کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 195 رنز بنائے، جس میں شرجیل خان نے 76 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے وین پارنیل اور ہارڈس ویلیون نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پروٹیز نے باآسانی ہدف حاصل کر لیا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر ایک بڑی پیش رفت یہ بھی سامنے آئی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان چیمپئنز ٹیم کو مستقبل میں WCL میں شرکت سے روک دیا ہے۔ یہ فیصلہ WCL انتظامیہ کے متعصبانہ روہے اور بھارت چیمپئنز کی جانب سے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کے بعد کیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل