Loading
لندن: طوفان "فلورس" کے باعث برطانیہ اور آئرلینڈ میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث متعدد پروازیں، ٹرینیں اور کشتیاں منسوخ جبکہ تفریحی تقریبات ملتوی کر دی گئی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ، آئرلینڈ، شمالی انگلینڈ اور یارکشائر میں تیز ہواؤں کا الرٹ جاری ہے۔ یارکشائر کے کئی تفریحی مقامات بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ درخت گرنے اور سڑکوں پر رکاوٹوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ برطانیہ کے مختلف حصوں میں ایمبر اور یلو وارننگز جاری کر دی گئی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ میں صبح 10 بجے سے ایمبر وارننگ نافذ ہے جبکہ شمالی انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں صبح 6 بجے سے یلو وارننگ جاری کی گئی۔ نیو کیسل کے شمال میں ریلوے سروسز بند کر دی گئی ہیں، پریسٹن کے شمال میں ریلوے مسافروں کو سفر نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ گلاسگو سے اسکاٹش جزیروں کی جانب تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ایڈنبرا میں واقع پرنسز اسٹریٹ گارڈنز بند کر دیے گئے جبکہ نارتھ بیروک میں ہونے والا "فرنج بائے دی سی" فیسٹیول بھی ملتوی کر دیا گیا۔ ڈرائیوروں کو سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل