Loading
شہر قائد کے علاقے راشد منہاس روڈ پر پیش آنے والے گزشتہ رات دل خراش ٹریفک حادثے نے ایک خوشیوں بھرا گھر اجاڑ دیا، جب ہیوی ٹریفک نے موٹر سائیکل پر سوار تین افراد کو کچل ڈالا۔ اس حادثے میں 22 سالہ ماہ نور اور اس کا 14 سالہ بھائی احمد رضا جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ ان کے والد شاکر ولد صلاح الدین شدید زخمی ہو گئے تھے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والی ماہ نور کی اگلے ماہ شادی طے تھی، مگر قسمت نے اس کے ہاتھوں میں مہندی کی بجائے کفن تھما دیا۔ اہل خانہ کے مطابق وہ جہیز کی تیاریوں میں مصروف تھے لیکن ایک لمحے میں سب خواب ٹوٹ گئے۔ متاثرہ فیملی کے چچا ذاکر کا کہنا ہے کہ زخمی والد کو تاحال اس صدمے کی خبر نہیں دی گئی کہ ان کا بیٹا اور بیٹی دونوں اس حادثے میں جان سے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے بھائی کے دماغ میں شدید زخم ہیں وہ جناح اسپتال میں زیرِ علاج ہیں ہمیں صرف انصاف چاہئے۔ زخمی شاکر جو کپڑے کا کام کرتے تھے ملیر سے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ گھر واپس جا رہے تھے کہ حادثہ پیش آیا۔ اہل خانہ کا مطالبہ ہے کہ ایسے حادثات کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید گھروں کے چراغ نہ بجھیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل