Loading
راولپنڈی میں سفاک ملزم نے باپ اور دو بہنوں کو قتل کردیا، ملزم نے اسلام آباد میں باپ اور بہن کو قتل کیا اور پنڈی پہنچ کر دوسری بہن کو قتل کرکے تین ماہ کے بھانجے کو ذبح کردیا جس کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ملزم نے پہلے ترامڑی چوک اسلام آباد میں اپنے باپ اور چھوٹی بہن کو قتل کیا بعد میں دوسری بہن کو اڈیالہ روڈ پر قتل کیا، ملزم نے کم سن بھانجے کو ذبح کیا لیکن وہ شدید زخمی ہے۔ ملزم کو رنج تھا کہ بہن نے پسند کی شادی کیوں کی، مقتولہ 35 سالہ انجم زارا نے ڈیڑھ سال قبل پسند کی شادی کی تھی، مقتولہ کا تین ماہ کا بچہ ہے۔ اڈیالہ روڈ جائے وقوع پر ایس پی صدر، اے ایس پی صدر اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور واقعہ میں ملوث شخص کو فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ واقعے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کرلی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے تیز دھار آلے سے اپنی بہن کو قتل اور بھانجے کو شدید زخمی کیا، ملزم اسلام آباد میں بھی اپنے والد اور ایک بہن کو قتل کر کے آیا ہے۔ ترجمان پنڈی پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ جائیداد کے تنازعہ پر پیش آیا۔ موقع سے شواہد حاصل کیے جارہے ہیں، زخمی بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل