Loading
پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان رانا غضنفر علی نے کہا ہے کہ بھارت کا کھیلوں میں سیاست لانا پرانا وطیرہ ہے جس سے پاکستان سے زیادہ خود بھارت کو نقصان ہوگا۔ ایکسپریس نیوز کے مارننگ شو ’’ایکسپریسو‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ایف آئی ایچ کوچ انسٹرکٹر رانا غضنفر علی نے کہا کہ ایشیا کپ ورلڈ کپ کا کوالیفیکشن ضرور ہے مگر سب سے پہلے پاکستانی کھلاڑیوں کی حفاظت اہم ہے، پرو ہاکی لیگ میں شرکت سے نہ صرف پاکستان کی عالمی رینکنگ میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کو ورلڈ کپ کوالیفکیشن کا موقع بھی ملے گا۔ رانا غضنفر علی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہاکی کے زوال کے بہت سےفیکٹرز ہیں، جن پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ کھلاڑیوں کو خود بھی ذمہ داری دکھانا ہوگی۔ قومی کھیل کے فیصلہ سازوں کو اس بات کا احساس کرنا ہوگا کہ پرولیگ میں شرکت کتنی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی نو بہترین ٹیموں کے ساتھ کھیلنے سے پاکستان کو رینکنگ پوائنٹس ملیں گے بلکہ کھلاڑیوں کو تجربہ بھی ملے گا۔ پاکستان ہاکی کے معاملات کو درست کرنے کے لیے کوچ کو کم از کم چارسال دینا ہوں گے، طاہر زمان بہترین کام کررہے ہیں، ان کو پورا موقع ملنا چاہیے، بار بار کوچز کی تبدیلی سے کھلاڑی کنفیوزڈ ہوجاتے ہیں جس سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ پاکستان میں نیشنل کوچنگ پروگرام متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ رانا غضفنر ایک طویل عرصہ سے برطانیہ میں کوچنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل