Loading
مون سون کے حالیہ سسٹم کے تحت محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارشوں سے متعلق تازہ پیشگوئی کر دی۔ محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق شہر کے مضافاتی علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور پیر 18 اگست کو گرج چمک کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش ہو سکتی ہے۔ کراچی میں منگل کو گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے کئی اسپیلز متوقع ہیں۔ سندھ کے دیگر علاقوں جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، گھوٹکی، سکھر، کشمور، نوشہروفیروز، دادو، میرپور خاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، جامشور میں درمیانے درجے سے کہیں کہیں موسلادھار اور انتہائی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ سجاول، بدین، مٹیاری اور تھرپارکر کے اضلاع میں آج سے 19 اگست تک وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔ موسلادھار بارش، آندھی اور بجلی گرنے سے روزمرہ کے معمولات متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ شہری سیلاب کی صورتحال کے سبب نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔ اس وقت، گڈو اور سکھر بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب ہے جب کہ کوٹری بیراج پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ کچے کے گھروں کی چھت اور دیوار، بجلی کے کھمبوں، گاڑیوں اور سولر پینل وغیرہ جیسے کمزور ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ موسم کی پیشن گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کا انتظام کریں۔ تمام متعلقہ حکام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ’’الرٹ‘‘ رہیں اور کسی بھی قسم کی صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل