Loading
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نجی نیوز چینل کے رپورٹر خاور حسین کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات اور اصل حقائق سامنے لانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کے سینئر صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے رپورٹر خاور حسین کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے اُن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ خاور حسین نہ صرف ایک پروفیشنل صحافی تھے بلکہ میرے قریبی رفقا میں سے بھی تھے، ان کا اچانک انتقال ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ خاور حسین کی صحافت میں خدمات قابلِ تعریف ہیں، وہ دیانت داری اور سچائی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خاور حسین کے انتقال سے صحافتی برادری ایک باصلاحیت ساتھی سے محروم ہو گئی ہے، ان کی کمی کو پورا کرنا مشکل ہوگا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ میں خاور حسین کے اہلخانہ اور دوستوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ اصل حقائق جلد سامنے آسکیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل