Monday, August 18, 2025
 

کراچی میں خطرناک ڈاکوؤں کو پکڑنے والا پولیس افسر گھر کی دہلیز پر قتل

 



شہر قائد کے علاقے ملیر بن قاسم میں چند روز قبل خطرناک ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے والے پولیس اہلکار کو نامعلوم افراد نے گھر کی دہلیز پر قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت محمد خان ابڑو کے نام سے ہوئی جو اسٹیل ٹاؤن تھانے میں بطور اے ایس آئی تعینات تھا اور اُسے گھر کے باہر اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ سادہ کپڑوں میں تھا۔ پولیس کے مطابق ماضی میں بھی شہید پولیس اہلکار پرفائرنگ کی گئی تھی جبکہ شہید اہلکار نے خطرناک ڈاکوؤں کو پکڑا اور اُس کی مدعیت میں تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں مقدمہ درج تھا۔ جائے وقوعہ سے پانچ خول ملے جبکہ اے ایس آئی کو تین گولیاں لگیں جس میں سے دو سینے اور ایک سر میں ماری گئی ہے۔ مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات کیلیے پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچی۔ ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ  مقتول اے ایس آئی محمد خان ابڑو کو تین سے زائد گولیاں ماری گئیں۔ جائے وقوعہ کے اطراف کہیں بھی سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں ہیں جبکہ  واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ’شہید اے ایس آئی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی تھیں‘ مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اہل خانہ اور انسداد دہشت گردی فورس کے افسران پہنچے۔ ڈی ایس پی عامر حمید نے بتایا کہ شہید کے بھائیوں سمیت اہلخانہ پولیس فورس میں ہیں، ابتدائی ملعومات کے مطابق مقتول کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی تھیں، مقتول نے کچھ عرصہ قبل پولیس مقابلے کے دوران خطرناک ڈاکوؤں کو بھی پکڑا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس مقابلے کے حوالے سے درج مقدمے کا مدعی بھی مقتول خود ہی تھا۔ لواحقین نے کہا کہ شہید اے ایس آئی کے خلاف گزشتہ روزاسٹیل ٹاون میں مقدمہ درج ہوا تھا اور وہ آج عدالت سے ضمانت لینے کے بعد اپنے بھائی جاویڈ ابڑو کے ساتھ گھر کی طرف آیا تو نامعلوم افراد نے گاڑی سے اترتے ہی فائرنگ کردی۔ لواحقین کے مطابق محمد خان ابڑو نے سوگواران میں چار بچے اور بیوہ چھوٹی ہے جبکہ اُن کا بڑا بیٹا  قانون نافذکرنے والےادارے کا اہلکار ہے،جس کی تعیناتی اس وقت گلگلت میں ہے۔  وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، رپورٹ طلب دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بن قاسم میں فائرنگ کے نتیجے میں  اے ایس آئی محمد خان ابڑو  کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور آئی جی پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ نے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کرتے ہوئے شہید اے ایس آئی کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل