Loading
امریکی یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے ایک اور شاندار کارنامہ سرانجام دے کر دنیا بھر میں نئی تاریخ رقم کردی۔ انسانیت کے لیے اپنی فیاضی کے سبب مشہور جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ نے لائیو اسٹریم کے دوران ایک کروڑ بیس لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم عطیہ کرکے نہ صرف لاکھوں ضرورت مندوں کی زندگیوں میں امید جگائی بلکہ ایک نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کیا۔ پاکستانی روپوں میں یہ رقم تقریباً ایک ارب چالیس کروڑ روپے بنتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 14 اگست کو مسٹر بیسٹ نے مشہور اسٹریمرز ایڈن روس اور xQc کے ساتھ ”کِک“ پلیٹ فارم پر پندرہ گھنٹے طویل لائیو اسٹریم کی میزبانی کی۔ اس دوران عالمی فلاحی منصوبے ٹین واٹر کےلیے بھاری رقم جمع ہوئی۔ یہ ریکارڈ اس سے پہلے 2021 میں Z Event نے قائم کیا تھا، جب انہوں نے تقریباً اتنی ہی رقم اکٹھی کی تھی۔ اس تاریخی موقع پر مسٹر بیسٹ نے کہا کہ ”اس اسٹریم کی بدولت بے شمار زندگیاں بدلنے جا رہی ہیں۔“ ان کے اس جذبے میں بڑی بڑی شخصیات بھی شریک رہیں۔ عطیات دینے والوں میں بی لوو الیکٹرولائٹ، فِن بیگز، کِک کے شریک بانی ایڈ کریون، بیجان طہرانی، انفلوئنسر صوفی رین اور اسٹریمر ٹرین ریکٹس ٹی وی شامل تھے۔ ہر ایک نے کم از کم دس لاکھ ڈالر دیے۔ علاوہ ازیں، ڈانا وائٹ، مائیکل روبن، برائن چیسکی، گیری وی اور کیسی واسر مین جیسے بڑے ناموں نے بھی فیاضی دکھائی۔ لائیو اسٹریم میں دلچسپ اور منفرد سرگرمیاں بھی شامل تھیں جنہوں نے شائقین کو لمحہ بہ لمحہ جوڑے رکھا۔ اس میں لائی ڈیٹیکٹر ٹیسٹ، خطرناک سانپوں کے ساتھ چیلنجز، بال کٹوانے کے مقابلے اور تیل میں کشتی جیسی انوکھی سرگرمیاں شامل تھیں۔ یہی دلچسپ لمحات چندہ اکٹھا کرنے کے عمل کو نئی بلندیوں تک لے گئے۔ مسٹر بیسٹ، جن کا اصل نام جمی ڈونلڈسن ہے، آج دنیا کے سب سے بڑے یوٹیوبر سمجھے جاتے ہیں۔ ان کے یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد 422 ملین سے بڑھ چکی ہے، جبکہ ان کی ویڈیوز کروڑوں میں دیکھی جاتی ہیں، جن میں بعض پانچ سو ملین ویوز سے بھی زیادہ حاصل کر چکی ہیں۔ یوٹیوب کے علاوہ وہ اپنی فاسٹ فوڈ چین اور دیگر کاروباری منصوبوں کے ذریعے بھی اپنا اثر و رسوخ بڑھا رہے ہیں۔ جون 2025 میں مسٹر بیسٹ وہ پہلے انفرادی کریئیٹر بنے جنہوں نے 400 ملین سبسکرائبرز کا سنگِ میل عبور کیا۔ اسی سال وہ تھریڈز پلیٹ فارم پر ایک ملین فالوورز حاصل کرنے والے بھی پہلے شخص قرار پائے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل