Wednesday, August 20, 2025
 

غزہ اسرائیلی جنگ، شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 62 ہزار سے تجاوز کر گئی

 



اسرائیل کی تقریباً دو سال سے جاری نسل کش جنگ نے غزہ کو خاکستر کر دیا ہے۔ فضائی حملوں، توپ خانے، ڈرون حملوں اور جان بوجھ کر پیدا کی گئی قحط کی صورتحال نے 62 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی جان لے لی ہے۔ رہائشی علاقے ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں، خوراک کی تلاش میں نکلنے والے بھی اب ہدف بن رہے ہیں۔ تازہ ترین حملے ایک بار پھر غزہ سٹی کو نشانہ بنا رہے ہیں، جو پہلے ہی تباہ ہو چکا ہے۔ اسرائیلی افواج کی مسلسل بمباری، شدید توپ خانے کے حملے، ڈرون حملے اور مکمل محاصرہ غزہ کو ایک ایسے جہنم میں تبدیل کر چکے ہیں جہاں زندگی کی سانسیں لینا بھی محال ہو گیا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق، اب تک 62 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں، خواتین اور عام شہریوں کی ہے۔ اسرائیل نے اب غزہ کے سب سے بڑے شہر غزہ سٹی پر حملے تیز کر دیے ہیں، جس کا مقصد اس پر قبضہ اور ہزاروں شہریوں کو زبردستی جنوبی علاقوں میں منتقل کرنا بتایا جا رہا ہے۔ صرف پیر کی صبح سے اب تک کم از کم 30 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں سے 14 وہ لوگ تھے جو امداد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ خلیجی میڈیا کے مطابق السبرا کے علاقے میں اسرائیلی حملے میں تین فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق شہداء میں معروف فلسطینی صحافی اسلام الکومی بھی شامل ہیں۔ خلیجی میڈیا کے نامہ نگار طارق ابو عزوم نے دیر البلح سے رپورٹ کرتے ہوئے بتایا کہ غزہ سٹی کے مشرقی علاقے میں حملے بغیر کسی وقفے کے جاری ہیں۔ اسرائیل جس پیمانے پر ہتھیار استعمال کر رہا ہے، اس سے واضح ہے کہ وہ یہاں کی جغرافیائی اور آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل